لاہور: پاکستان نے تاریخ میں پہلی مرتبہ حج کوٹہ سعودی عرب کو واپس کردیا ہے ۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع مطابق سرکاری اسکیم کا آٹھ ہزار عازمین کے لئے ملنے والا کوٹہ واپس کردیا گیا ہے ۔ سرکاری اسکیم کے تحت کم درخواستیں موصول ہونے پر حج کوٹہ واپس کرنا پڑا ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر حج کوٹہ واپس نہ کیا جاتا تو رہائش گاہوں کے کرایہ اور دیگر اخراجات کی مد میں 24ملین ڈالرز اضافی ادا کرنے پڑتے ۔ مہنگے حج کے سبب بہت سے پاکستانی درخواستیں ہی نہ دے سکے۔ ذرائع وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ حج کوٹہ کی واپسی کا فیصلہ وفاقی کابینہ نے کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے کہ حج کوٹہ گذشتہ مردم شماری کے تناسب سے ایک لاکھ 79210سے بڑھا کر 2لاکھ 10سے 20ہزار کیا جائے ۔ پاکستان کو کئی برس بعد ایک لاکھ 79ہزار کا پورا حج کوٹہ ملا تھا،جسے مکمل استعمال نہ کیا جاسکا۔