ویب ڈیسک: امریکا میں لینڈنگ کے دوران ایک مسافر طیارے میں آگ بھڑک اٹھی، واقعے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے جس میں بھڑکتے شعلوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا میں لینڈنگ کے وقت مسافر طیارے میں آگ بھڑک اٹھی، لاس ویگاس ایئرپورٹ پر فرنٹیئر ایئر لائن کے طیارے میں دھواں اٹھنے کے بعد ہنگامی لینڈنگ کی گئی تھی۔
حادثہ گزشتہ روز ہفتے کو اس وقت پیش آیا جب امریکی ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس میں ہیری ریڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر طیارہ لینڈ کر رہا تھا، سیل فون کی ویڈیو میں طیارے کے رن وے پر اترتے ہی شعلے اور دھوئیں کے بادل دکھائی دے رہے ہیں۔
طیارے کے اترتے ہی فائر ٹرک اور دیگر ایمرجنسی سروسز کی گاڑیاں رن وے پر پہنچ گئیں، اور امدادی ٹیموں نے بروقت کارروائی کر کے آگ پر قابو پا لیا،بتایا جا رہا ہے کہ طیارے میں 190 مسافر اور عملے کے 7 ارکان سوار تھے، حادثے میں تمام افراد محفوظ رہے اور کوئی زخمی نہیں ہوا، حکام کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق فرنٹیئر فلائٹ سان ڈیاگو سے روانہ ہوئی تھی، لاس ویگاس ایئرپورٹ پہنچنے پر پائلٹوں کو دھوئیں کا پتا چلا، جس پر انھوں نے ایمرجنسی کا اعلان کیا، اس کے بعد انھوں نے طیارے کو بہ حفاظت لینڈ کرایا، تمام مسافروں اور عملے کو ہوائی سیڑھیوں کے ذریعے باہر نکالا گیا۔