کراچی( ویب ڈیسک ) اداکار شہریار منور نے ایک شارٹ فلم کے ذریعے ہدایتکاری کی دنیا میں قدم رکھا ہے جس میں ماہرہ خان اور زاہد احمد کی اداکاری نے شائقین کے دل موہ لئے۔ فلم کی کہانی ایک ایسی خاتون کے گرد گھومتی ہے جو شادی کے بعد ذہنی مسائل سے دوچار ہے۔ تفصیلات کے مطابق شادی کے بعد اکثر خواتین کا ڈپریشن میں مبتلا ہو جانا پاکستان میں ایک عمومی بات ہے اور اسے قطعاً بھی بیماری نہیں سمجھا جاتا ہے۔ شادی سے پہلے محبوب آپ سے بہت سے وعدے کرتا ہے لیکن شادی کے بعد زندگی اسی لگے بندھے دائرے میں گزرنا شروع ہو جاتی ہے جہاں پر بیوی شادی سے پہلے والی محبت تلاش کرتی نظر آتی ہے۔ ماہرہ خان نے ”پرنس چارمنگ“ نامی اس شارٹ فلم میں شہرزادکا کردار ادا کیا ہے جو شادی کے بعد اپنے شوہر میں پرانے محبوب کو تلاش کرتے کرتے نفسیاتی بیماری کا شکار ہو جاتی ہے۔ نامور اداکار شہریار منور نے اس شارٹ فلم کے ذریعے ہدایتکاری کی دنیا میں قدم رکھا ہے اور اس فلم کواب تک سوشل میڈیا پر 2 لاکھ سے زائد لوگ دیکھ رہے ہیں۔