لاہور: ( پبلک نیوز) مہنگائی کی چکی میں پسی عوام کیلئے ایک اور بری خبر، نان اور روٹی کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن نے بدھ کو مہنگائی، گیس کی کمی اور اخراجات بڑھنے پر ہنگامی اجلاس طلب کرلیا۔ ایسوسی ایشن کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس اہم اجلاس میں روٹی اور نان کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ اور لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ دس روپے کی روٹی 860 روپے بیس کلو تھیلے پر فراہم کی، اب تھیلے کی قیمت 1100 ہو چکی ہے۔ نان 15 روپے میں فروخت کیا، جب فائن بوری 4900 کی 84 کلو تھی۔ انہوں نے کہا کہ اب 80 کلو فائن آٹے کی بوری 6000 روپے جبکہ نان میں استعمال ہونے والی اشیا کی قیمت بھی دو گنا ہو چکی ہیں۔ متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ٹیکس لگا کر بل تو بھیج دیئے جاتے ہیں لیکن گیس نہیں آتی۔ ہمارے یومیہ اخراجات میں 2000 روپے تک اضافہ ہو چکا ہے۔ ہنگامی اجلاس بدھ کو ڈیلروں کو مقروض ہونے سے بچانے کے لئے بلایا گیا ہے۔