ویب ڈیسک: پنجاب بھر کے قیدیوں نے اپنے پسندیدہ امیدواروں کیلئے حق رائے دہی استعمال کرلیا جبکہ اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور شیخ رشید نے جیل میں اپنا ووٹ کاسٹ کردیا۔
تفصیلا ت کے مطابق جیل ذرائع کے مطابق شیخ رشید نے بھی اڈیالہ جیل میں ووٹ کاسٹ کیا، شاہ محمود قریشی اور چودھری پرویزالہٰی کا ووٹ کاسٹ نہیں ہوسکا، بشریٰ بی بی کا ووٹ بھی کاسٹ نہیں ہوسکا۔
جیل ذرائع نے مزید بتایا کہ مجموعی طور پر 20 قیدیوں نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا، 40 قیدیوں کی لسٹ بھجوائی گئی تھی۔
ادھر آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر کے مطابق پنجاب کی 43 جیلوں میں قید 65 ہزار سے زائد قیدیوں میں سے ڈیڑھ ہزار قیدیوں نے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا،الیکشن کمیشن نے قیدیوں کا ووٹ کاسٹ کرنے کے لئے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کو خط لکھا تھا۔
میاں فاروق نذیر نے بتایا کہ پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کو ووٹ کاسٹ کرنے کے لئے پوچھا گیا جس پر ڈیڑھ ہزار قیدیوں کے کوائف پورے ہوئے، سپرنٹنڈنٹ نے کیمروں کی مانیٹرنگ میں ووٹ کا عمل مکمل کروا کر پوسٹل بیلٹ پیپر بھجوا دیئے، قیدیوں نے اپنا پوسٹل ووٹ کاسٹ کیا، الیکشن کمیشن اس کا رزلٹ جاری کرے گا۔
آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر نے مزید بتایا کہ سوشل میڈیا پر بے بنیاد خبریں چلا کر شفاف عمل کو متنازعہ بنایا جارہا ہے۔