کورونا وائرس کی پانچویں لہر میں تیزی، لاہور متاثر ہونے لگا

کورونا وائرس کی پانچویں لہر میں تیزی، لاہور متاثر ہونے لگا
لاہور: (پبلک نیوز) کورونا وائرس کے کیسز میں دن بدن اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ صرف لاہور میں اومیکرون ویرینٹ کے 200 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ پنجاب پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کے سیکرٹری عمران سکندر بلوچ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ صرف ویکسی نیشن اور احتیاط کے ذریعے ہی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روک سکتے ہیں۔ 12 سال سے زائد عمر کے تمام افراد کو ویکسین لگانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ عمران سکندر بلوچ کا کہنا تھا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے کورونا کے 376 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ اس اضافے سے صوبہ بھر میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی کل تعداد 4,240 ہو گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں کورونا کے باعث راولپنڈی سے ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔ صوبہ بھر میں کورونا کے باعث اموات کی کل تعداد 13,074 ہو چکی ہے۔ جمعرات کے روز لاہور سے کورونا کے 298 جبکہ راولپنڈی سے 40 کیسز رپورٹ ہوئے۔ اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران منڈی بہاء الدین سے کورونا کے 10، ملتان 5، بہاولپور، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور سیالکوٹ سے کورونا وائرس کے 3 کیسز رپورٹ ہوئے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر کے تمام شہروں میں کورونا کے مثبت کیسز کی مجموعی شرح 2 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ لاہور میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 5.7 فیصد ہو گی ہے۔ راولپنڈی میں 2.3، ملتان میں 0.4 اور فیصل آباد سے 0.2 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ حکومت کی جان سے عوام پر زور دیا گیا ہے کہ وہ کورونا کے خلاف خصوصی حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں۔ بلاضرورت گھر سے باہر نکلنے اور پرہجوم اجتماعات میں جانے سے مکمل گریز کریں۔ سماجی فاصلے اور ماسک کے استعمال کو ہر صورت یقینی بنائیں۔

Watch Live Public News