اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نوازشریف ضرور چوتھی بار وزیراعظم بنیں گے، نوازشریف کے وزیراعظم بننے کے لیے دبئی میں ملاقات لازمی نہیں ہے۔ پبلک نیوز کے پروگرام سوال ود فہد شہباز میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ہماری لیڈر شپ نوازشریف ہے، میں نوازشریف کا ورکر ہوں ، عمر کا ایک بڑا حصہ نوازشریف کے ساتھ گزرا ہے۔ نوازشریف کے چوتھی بار وزیراعظم بننے کی خبریں نوازشریف کی کامیابی ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ عوامی سپورٹ کے بغیر حکومت نہیں بن سکتی ، اگر عوامی سپورٹ نہ ہو تو اسٹیبلیشمنٹ بھی کچھ نہیں کر سکتی۔ان کا کہنا تھا کہ اگر میں ہر چیز پہ شور ڈالوں تو میرے سے کوئی بات بھی نہ کرے، اگر میرٹ کے بغیر کام نہ کیے جائیں تو برکت نہیں رہتی۔ وزیر دفاع نے کہا کہ میں لوگوں کی باتوں میں کوئی دلچسپی نہیں لیتا، کس قسم کا کلچر ملک میں باقی رہ گیا ہے۔میری تنخواہ ایک لاکھ 78 ہزار ہے، کوئی بیوروکریٹ تین تین پلاٹ لینے کے بعد بھی گھر نہیں جاتا، پاکستان میں سب سے زیادہ فوکس سیاست دانوں پہ ہے ، فوج بھی آتی ہے اور چلی جاتی ہے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف نے مزید کہا کہ عمران ریاض خان کا مجھے کچھ نہیں پتا، رانا ثنااللہ کے ساتھ جو ہوا آپ کو وہ یاد نہیں۔ فواد حسن فواد دو ڈھائی سال تک قید کاٹ کے آیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے بیک ڈور ڈپلومیسی کا کچھ نہیں پتہ، میری پارٹی نے مجھے بہت عزت دی ہے۔