لاہور: سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ نوازشریف اور شہبازشریف لندن میں عدلیہ کے خلاف سازش تیار کر رہے ہیں، عمران خان نے آئین کو متحد رکھا ہوا ہے، پورا ملک چیف جسٹس کے ساتھ کھڑا ہے۔ سابق وزیراعلی پنجاب اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے صدر پرویز الہی نے کہا کہ بار بار دیوار پر فوٹو بدلنے کا سسٹم ختم کر دیا، اب عمران خان کی فوٹو ہی رہے گی۔ پرویز الہیٰ نے کہا کہ ظہور الہی ہاوس پر حملہ کرنے والے کسی شخص کو معاف نہیں کیا، حکومت میں آئے تو شفاف تحقیقات ہوں گی، ایسی سزا ملے گی کہ آئندہ ایسی حرکت نہیں کریں گے، انہوں نے کہا کہ گیٹ ہمارا ٹوٹا اور محسن نقوی افسوس ادھر کرنے چلے گئے جن کا شیشہ بھی نہیں ٹوٹا۔ پی ٹی آئی کے صدر نے الزام عائد کیا کہ پولیس والے جاتے ہوئے ہمارے مہمانوں کے موبائل فونز اور باہر کھڑی دس نئی موٹرسائیکلز بھی لے گئے۔ پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف اور وزیر اعظم شہبازشریف لندن میں عدلیہ کے خلاف سازش تیار کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آئین کو متحد رکھا ہوا ہے، پورا ملک چیف جسٹس کے ساتھ کھڑا ہے۔