چینی شہریوں پر حملے،  پاکستان، چین کا مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق

چینی شہریوں پر حملے،  پاکستان، چین کا مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق

(ویب ڈیسک )کراچی میں ایک فیکٹری میں سکیورٹی گارڈ کے حملے میں دو چینی شہریوں کے زخمی ہونے کے واقعے کے بعد پاکستان اور چین نے مشترکہ سکیورٹی حکمت عملی تیار کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

جمعرات کو وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے چینی سفارت خانے میں چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ سے ملاقات کی۔ انہوں نے کراچی میں گارڈ کی فائرنگ سے دو چینی شہریوں کے زخمی ہونے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا۔

وزیرداخلہ نے واقعے کی تفصیلات اور تحقیقات میں پیش رفت سے چینی سفیر کو آگاہ کیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ ’چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔ ہم ترقی اور سکیورٹی کو مربوط کرنے کے چینی تصوّر سے پوری طرح متفق ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’سی پیک منصوبوں کی سکیورٹی کے لیے تمام ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ حفاظتی اقدامات کو مزید بہتر اور مضبوط بنایا جا رہا ہے تاکہ چینی شہریوں کے لیے محفوظ و پُرامن ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔‘

چینی سفیر جیانگ زی ڈونگ کا کہنا تھا کہ ’مشترکہ کوششوں سے پاک چین دوستی مسلسل پروان چڑھ رہی ہے اور عملی تعاون میں  جامع پیش رفت ہوئی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اس تناظر میں ایک محفوظ اور مستحکم تعاون کا ماحول انتہائی اہم ہے۔  چین دوطرفہ سیکورٹی تعاون کو مزید آگے بڑھانے اور پاکستانی اداروں کی صلاحیتوں میں اضافے  کے لیے تیار ہے۔‘

انہوں نے چینی وزیراعظم کے دورہ پاکستان پر بہترین انتظامات پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔

Watch Live Public News