27لاکھ شہریوں کا ریکارڈ نادرا سے چوری ہوا، چیئرمین نادرا 

27لاکھ شہریوں کا ریکارڈ نادرا سے چوری ہوا، چیئرمین نادرا 

(ویب ڈیسک )  قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ میں بریفنگ کے دوران چیئرمین نادرا نے بے ضابطگیوں اور بے قاعدگیوں سے متعلق اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ 27لاکھ شہریوں کا ریکارڈ نادرا سے چوری ہوا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما راجہ خرم نواز کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس ہوا، چیئرمین نادرا لیفٹننٹ جنرل منیر افسر نے کمیٹی کو بریفنگ دی۔

چیئرمین نادرا نے کہا کہ نادرا میں اشتہار دیے بغیر کئی اہم تعیناتیاں کی گئیں اور بہت سے افسروں نے اپنی ڈگریاں تعیناتی کے بعد مکمل کیں۔

’ریکارڈ چوری ہونے کے معاملے پر انکوائری کی گئی ہے تاکہ سیکریسی کی دوبارہ سے خلاف ورزی نہ ہوسکے‘۔

اسپیشل سیکرٹری برائے داخلہ کی جانب سے ایجنڈا جلدی ختم کرانے پر آغا رفیع اللہ غصے میں آگئے، آغا رفیع اللہ نے کہا کہ آپ ہدایت دینے والے کون ہوتے ہیں؟ طے ہوا تھا کہ جب تک بہاریوں کا معاملہ حل نہیں ہوتا کوئی حکومتی بل پاس نہیں ہوگا۔

طارق فضل چوہدری نے بہاریوں کے شناختی کارڈز کے معاملے پر آغا رفیع اللہ کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ بہاریوں کا معاملہ جلد از جلد حل ہونا چاہیے۔

Watch Live Public News