لاہور ( پبلک نیوز) ملک بھر میں ربیع الاول سن 1443 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے۔ 12ربیع الاول 19 اکتوبر بروز منگل کو ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق ماہ ربیع الاول کے چاند کی رویت کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج بعد نماز عصر وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے مرکزی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ہوا جس کی صدارت چیئرمین مولانا عبد الخبیر آزاد نے کی۔ بعد ازاں وزیراعظم پاکستان کے حکم پر 3 تا 13 ربیع الاول کو عشرہ رحمۃ للعالمین منانے کے حوالے وزارت مذہبی امور میں اعلی سطحی مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی زیر صدارت اجلاس میں وزیر تعلیم شفقت محمود، وزیر اطلاعات فواد چوہدری سمیت وفاقی و صوبائی سیکرٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سکولوں، کالج اور درسگاہوں میں سیرت پر تقریری اور نعتیہ مقابلے منعقد کروائے جائیں گے۔ علماء کرام، سکالرز اور نمایاں کارکردگی کے حامل طلباء عشرہ رحمت للعالمین پر موثر عوامی آگہی دینگے۔ بطور خاص خواتین کے حقوق، معاشرے میں بڑھتی جنسی درندگی اور منشیات کی روک تھام کے حوالے سے آگہی دی جائے گی۔