جرمنی کا سیلاب متاثرین کیلئے 1 کروڑ یورو امداد کا اعلان

جرمنی کا سیلاب متاثرین کیلئے 1 کروڑ یورو امداد کا اعلان
برلن : جرمن وزیر خارجہ نے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے مزید ایک کروڑ یورو امداد کا اعلان کردیا ہے۔ وزیر خارجہ بلاو ل بھٹو اور جرمن وزیر خارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔اس دوران جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستا ن موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے، جرمنی پاکستان کا اہم ترین تجارتی شراکت دار ہے، جرمن کمپنیاں پاکستان میں انفراسٹرکچر منصوبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ جرمنی پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات مضبوط کرنے کا خواہاں ہے، افغانستان کے بہت سارے لوگوں کو جرمنی میں پناہ دی ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ مہمان نوازی پر جرمنی کا شکر گزار ہوں، پاکستان اور جرمنی کے تعلقات مضبوط ہوتے جا رہے ہیں، پاکستان میں مون سون جون کے وسط میں شروع ہو کر اگست کے اختتام تک جاری رہی، پاکستان اور جرمنی کے درمیان بہترین سفارتی تعلقات ہیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان اس وقت سیلاب کی صورتحال میں مشکل ترین حالات سے گزر رہا ہے، تباہ کن سیلاب نے پاکستان میں تاریخ کی بڑی تباہی پھیلائی ہے، سیلاب سے متاثر علاقوں میں سیلابی پانی سے مختلف بیماریا ں پھیل رہی ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ مون سون سیزن میں شدید بارشیں ہوئیں جس سے سیلابی صورتحال پیدا ہوئی، پاکستان کا ایک تہائی رقبہ سیلاب سے شدید متاثر ہوا، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے شدید ترین متاثر 10 ممالک کی فہرست میں شامل ہے، سیلاب سے 3کروڑ 30 لاکھ افراد براہ راست متاثر ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے بننے والی گرین گیسز میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے، ہمیں اس موسمیاتی تباہی سے بچنے کیلئے عالمی برادری کی معاونت درکار ہے، یورپی یونین میں جرمنی پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔