اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاک فوج میں ساری تقرریاں میرٹ پر ہوتی ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ آرمی چیف کے لیے جو بھی 4 یا 5 نام آتے ہیں وہ فوج کی قیادت بھیجتی ہے، پاکستان آرمی پاکستان نیوی پاکستان ایئرفورس میں ساری تقرریاں میرٹ پر ہوتی ہیں، اگر ایسا نہیں تو عمران خان بتائیں کب میرٹ سے ہٹ کر تعیناتیاں ہوئیں؟. خواجہ آصف نے کہا کہ عثمان بزدار کی اپوائٹمنٹ میرٹ کی تھی؟ یا موجودہ کےپی کا چیف منسٹر میرٹ پر ہے؟، کون سی چیز ہے جو میرٹ پر انہوں نے کی ہے۔ بی آر ٹی کی انکوائری دفن کرا دی میرٹ تھا؟، توشہ خان کی بات نہیں کرتے۔ وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یہ جان بوجھ کر کیا جا رہا ہے، پہلے اٹیک کیا جائے، پھر کہا جائے میرا یہ مطلب نہیں وہ مطلب تھا، عمران خان نے 3 سال جتنی موجودہ آرمی چیف کی تعریفیں کیں شاید ہی کسی اور کی اتنی تعریف کی ہو۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کا ان کی اپنی پارٹی میں کوئی دفاع نہیں کر رہا۔ فارن فنڈنگ سے معاملات بہت آگے جا چکے سب سامنے آئے گا۔