رحیم یار خان ( پبلک نیوز) مندر حملہ کیس میں گرفتار کی طرف سے گرفتار کئے جانے والے 40 سے زائد افراد کو انسداد دہشت گردی کی عدالت کی طرف سے شناخت پریڈ کیلئے جیل بھیج دیا گیا ہے جبکہ پولیس کی طرف سے مزید حملہ آوروں کی تلاش کی سلسلہ جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان میں مندر پر حملہ کرنے اور مذہبی منافرت پھیلانے کے الزام میں 40 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے مندر میں توڑ پھوڑ کی جس سے دوسرے مذہب کے پاکستانیوں کے جذبات مجروح ہوئے اور موٹروے بلاک کی جس کی وجہ سے عام پاکستانیوں شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ان ملزمان کی گرفتاری پولیس کی طرف سے سی سی ٹی وی فوٹیج میں نشاندہی کے بعد ہوئی۔ فوٹیج میں ان افراد کو توڑ پھوڑ کرتے ہوئے صاف دیکھا جا سکتا تھا ۔ گرفتار ہونے والے 40 سے زائد افراد میں سے38 ملزمان کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کر دیا گیا، جہاں سے شناخت پریڈ کیلئے انہیں جیل بھیج دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ رحیم یار خان کے علاقے بھونگ میں مشتعل افراد نے ایک مندر پر حملے اور اس میں توڑ پھوڑ کی تھی جس کے پولیس نے سوشل میڈیا پر شیئر ہونے والی ویڈیوز کی مدد سے درجنوں ملزموں کو گرفتار کیا تھا ۔