کراچی: (ویب ڈیسک) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے 2019ء میں چپکے سے مشہور اینکر مدیحہ نقوی سے شادی کرکے دنیا کو حیران کر دیا تھا، اب دونوں ہنسی خوشی زندگی بسر کر رہے ہیں۔ کچھ عرصہ قبل فیصل سبزواری اپنی اہلیہ مدیحہ نقوی کے ہمراہ نجی ٹیلی وژن کے ایک پروگرام میں شریک ہوئے اور اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں کھل کر باتیں کیں اور بتایا کہ دونوں کو ایک دوسرے سے کیسے محبت ہوئی۔ فیصل سبزواری نے انکشاف کیا تھا کہ ان کی مدیحہ نقوی سے پہلی ملاقات ایک مارننگ شو میں ہوئی تھی، اسی شو کے بعد ہمارے درمیان قربتیں بڑھیں۔ اس سے قبل ہم دونوں نے ایک دوسرے کو صرف ٹیلی وژن پر ہی دیکھا تھا۔ مدیحہ نقوی کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی زندگی میں یہ فیصلہ کر لیا تھا کہ میں کسی ایکٹر یا اینکر سے ہرگز شادی نہیں کروں گی کیونکہ مجھے اپنے شعبے کی تمام خامیوں کا علم تھا۔ اس لئے میں نے سوچ رکھا تھا کہ کسی ایسے شخص سے شادی کروں گی جو ان پر اعتبار کرے اور اچھی طرح سے خیال رکھ سکے۔ مدیحہ نقوی سے شادی کیوں کی؟ اس کا دلچسپ جواب دیتے ہوئے فیصل سبزواری نے کہا کہ اس کی تین وجوہات ہیں۔ جو کہ ’انٹرٹینمنٹ، انٹرٹینمنٹ اور انٹرٹینمنٹ‘ تھیں۔