اسلام آباد ( پبلک نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کا بیان آئین اور قانون کے عین مطابق ہے، وہ پہلے بھی واضح کرچکے ہیں کہ پاک فوج صرف اپنا آئینی کردار ادا کر رہی ہے۔
جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انتشار پھیلانے کا فائدہ بھارت کو ہوگا، پی ڈی ایم کو ملکی مفادات کوسامنے رکھنا ہوگا، اپوزیشن جان بوجھ کر ریاستی اداروں اور شخصیات کو متنازع بنانا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا اصلی چہرہ دنیا کے سامنے آچکا، مشرقی سرحد پر بار بار لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں، ای یو ڈس انفولیب کی رپورٹ نے بھارت کو پوری طرح بے نقاب کر دیا، اقوام متحدہ مانیٹرنگ ٹیم کی حالیہ رپورٹ نے پاکستان کے موقف کی تائید کر دی ہے۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ 14 نومبر 2020 کو جو ہم نے ڈوزئیر دنیا کے سامنے رکھا اس میں ان قوتوں کے حوالے سے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں جو پاکستان کو عدم استحکام سے دو چار کرنا چاہتی ہیں۔
اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اگر اپوزیشن کے پاس شواہد ہیں تو سامنے لائے محض قیاس آرائیوں کی بنیاد پر اداروں کی تضحیک پاکستان کے بیانیے اور ملکی مفاد کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔