8 فروری کو الیکشن ہوں گے، سب تیاری کریں ،بلاول بھٹو

8 فروری کو الیکشن ہوں گے، سب تیاری کریں ،بلاول بھٹو
اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ 8 فروری کو الیکشن ہوں گے، سب تیاری کریں اور ووٹ ڈالیں۔ ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس کیس کی سماعت کے دوران سابق وزیر خارجہ اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے باہر میڈیا سے گفتگو کی ۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس میں پیپلز پارٹی کو انصاف ملے گا، یہ ایک موقع ہےکہ تاریخ کو درست کریں،امید ہے چیف جسٹس اور دیگر ججز انصاف پر مبنی فیصلہ کریں گے۔ صحافی نے بلاول بھٹو سے ملک میں الیکشن سے متعلق سوال کیا جس پر انہوں نے جواب دیا کہ عام انتخابات 8 فروری کو ہو رہے ہیں، اقوام متحدہ سے بھی قرار داد پاس کروا لیں پھر بھی انتخابات 8 فروری کو ہوں گے۔ 8 فروری کو الیکشن ہوں گے، سب تیاری کریں اور ووٹ بھی ڈالیں۔ چیئرمین پی پی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ پیپلز پارٹی نے کراچی اور حیدرآباد کے بلدیاتی انتخابات جیتے، امید ہے کراچی کے عوام عام انتخابات میں بھی پیپلز پارٹی کو موقع دیں گے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ہی بیروگاری، مہنگائی اور غربت کا مقابلہ کر سکتی ہے، ہم سے تلوار چھینی گئی تو ہم نے تیر پر الیکشن لڑا اور اب تک لڑ رہے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی سے متعلق سوال پر سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو بولے کہ پاکستان کے عوام کی کرکٹ سے محبت ہے یہ تو ہم انکار نہیں کر سکتے، بانی پی ٹی آئی تو خود کہتے تھے کہ ادارے آزاد ہیں، اب وہ اپنی صفائی خود پیش کریں، سب سے پہلے بانی پی ٹی آئی کو توبہ کرنی پڑے گی، وہ خود اپنی غلطی مانیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ذاتی انا کو دفن کرکے ایک بہتر مستقبل کی طرف جا سکتے ہیں، ہم نے چارٹر آف ڈیموکریسی دیا تو بانی پی ٹی آئی نے اُسے مک مکا کہا، پی ٹی آئی کا وہی مقصد ہے کہ میں نا خود کھیلوں گا اور نا ہی کسی کو کھیلنے دوں گا۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔