حج کا رکنِ اعظم وقوفِ عرفہ کی ادائیگی جاری

حج کا رکنِ اعظم وقوفِ عرفہ کی ادائیگی جاری
آج نماز فجر کے بعد تمام حجاج کرام منیٰ سے اس میدان کی جانب بڑھنا شروع ہوئے جو شمال سے جنوب تک 12 کلومیٹر اور مشرق سے مغرب تک 5 کلومیٹر تک پھیلا ہوا ہے۔ یہ شمالی جانب سے عرفات نامی پہاڑی سلسلے میں گھرا ہوا ہے۔ میدان عرفات حرم مکی سے باہر واقع ہے اور مقاماتِ حج میں وہ واحد جگہ ہے جو حدود حرم سے خارج ہے۔ مناسک حج کا آغاز گذشتہ روز جمعرات کو ہوا تھا۔ رواں سال سعودی حکومت نے 10 لاکھ مقامی اور غیر ملکی عازمین کو حج کی اجازت دی ہے۔ جمعرات کو لاکھوں زائرین نے مسجد الحرام میں خانہ کعبہ کا طواف کیا۔ حاجی حضرات 10، 11 ، 12 اور 13 ذی الحجہ کو بھی منٰی میں رہیں گے۔ بیشتر حاجی 12 ذی الحجہ کو منیٰ سے نکل جائیں گے ایک تہائی کے لگ بھگ باقی ماندہ حاجی 13 ذی الحجہ کو منی سے رخصت ہوں گے۔ عازمین حج کو سورج کی تمازت سے بچانے کے لیے میدان عرفات میں پانی کی پھوار کا بندوبست کیا گیا ہے۔ سعودی عرب کی حکومت نے زائرین کی سیکیورٹی اور صحت کے لئے بڑے پیمانے پر اقدامات کر رکھے ہیں۔ وزارت صحت نے مکہ اور مدینہ میں 23 ہسپتال اور 147 طبی مراکز قائم کئے ہیں۔ اسی طرح منٰی میں 26 طبی مراکز بنائے گئے ہیں، جہاں انتہائی نگہداشت کے لئے 100 بستر جبکہ ہیٹ ویوو سے متاثر ہونے والوں کے لئے 200 بستر موجود ہیں جبکہ حجاج کی دیکھ بھال کے لئے 25 ہزار افراد پر مشتمل طبی عملہ بھی موجود ہے۔ حجاج کرام کی رہنمائی اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے علاوہ، نقل وحرکت کو منظم کرنے کے لیے مختلف سیکورٹی شعبوں کے اہلکاروں کے ذریعے براہ راست حفاظتی نگرانی کی جاتی ہے۔ حج سیزن میں حصہ لینے والے مختلف سرکاری شعبوں نے حجاج کرام کے لیے تمام طبی، ہنگامی اور کیٹرنگ کی خدمات فراہم کی ہیں۔ آج غروب آفتاب کے وقت، عازمین مزدلفہ کی طرف روانہ ہوںگے، جہاں وہ مغرب اور عشا کی نمازیں ادا کریںگے اور کل ذی الحجہ کے مہینے کی 10ویں تاریخ کو طلوع فجر تک وہیں قیام کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے حج اکبر کی سعادت حاصل کرنے والے حجاج سمیت پوری امت کو مبارک باد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کی خاص عنایات کے اس متبرک دن پر اللہ تعالی سے مغفرت و رحمت کی دعائیں کی جائیں ۔ وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ آج اللہ تعالی کے انوار وتجلیات کے نزول کا خاص بابرکت دن ہے ، جمعہ کے دن حج کی سعادت حاصل کرنے والے خوش نصیبوں کو امت مسلمہ اور انسانیت کے لئے آج خصوصی دعائیں کرنے کی اپیل کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ رب کریم کے حضور عالم انسانیت پر اس کے رحم، امت مسلمہ کے اتحاد، ترقی و خوش حالی، وبا اور امراض سے نجات کی دعا کرتے ہیں ، اللہ تعالی سے مقبوضہ فلسطین اور کشمیر کی آزادی اور مظلوم انسانیت کے دکھوں اور مصائب سے نجات کی التجا کرتے ہیں ۔ اللہ تعالٰی آج کے دن کی برکت سے پاکستان کو قرض کی دلدل سے نکال دے، ہمیں بحثیت قوم معاشی خود انحصاری کی منزل عطا فرمائے ، آج کے دن ہم شہدا کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی خصوصی دعا کرتے ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔