ویب ڈیسک: وفاقی حکومت نے تمام صوبوں میں پاک فوج تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔ محرم الحرام میں سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلیے آرٹیکل 245 کے تحت پاکستان فوج تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔
صوبوں کی درخواست پر سول آرمڈ فورسز اور پولیس کی معاونت کیلیے فوج تعینات کرنے کی منظوری دی گئی۔ اسلام آباد، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی پاک فوج کے جوان محرم ڈیوٹی دیں گے۔
پاک فوج تعینات کرنے کے حوالے سے وزارت داخلہ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
عشرہ محرم کے آغاز کے ساتھ ہی لاہور سمیت پنجاب بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کردیے گئے ہیں۔ ہزاروں پولیس اہلکاروں اور افسران کو مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی پر مامور کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان پنجاب پولیس نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ عشرہ محرم کے آغاز کے ساتھ ہی لاہور سمیت صوبہ بھر میں 43 ہزار سے زائد افسران و اہلکار جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی سر انجام دے رہے ہیں۔ یکم محرم الحرام پر صوبائی دارالحکومت میں 03 ہزار پولیس افسران و اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ صوبہ بھر میں آج 96 عزاداری جلوس، 3320 مجالس منعقد ہورہی ہیں جبکہ لاہور میں یکم محرم کی مناسبت سے 10 عزاداری جلوس برآمد اور 402 مجالس منعقد ہورہی ہیں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی۔ حکومت پنجاب کی طرف سے نافذ دفعہ 144 پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، نفرت انگیز مواد کی تشہیر، اشتعال انگیزی پر پابندی ہے۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ طے شدہ روٹس اور مقامات کے علاوہ کسی بھی جگہ جلوس اور مجالس کی اجازت نہیں ہوگی۔ سیف سٹیز اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ کے کیمروں کی مدد سے تمام سرگرمیوں کی مکمل مانیٹرنگ کی جائے گی۔ مجالس اور عزاداری جلوسوں کے سیکیورٹی انتظامات میں کمیونٹی رضا کار معاونت فراہم کر رہے ہیں۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، ٹریفک پولیس، ڈولفن سکواڈ، پیرو سمیت دیگر فیلڈ فارمیشنز محرم سیکیورٹی پر تعینات ہیں۔ لاؤڈ سپیکر ایکٹ کی پاسداری پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد کی تشہیر کے مرتکب قانون شکن عناصر کی سرکوبی یقینی بنائیں۔ تمام اضلاع میں قائم کنٹرول رومز سنٹرل پولیس آفس کے مرکزی کنٹرول روم سے منسلک اور ہمہ وقت رابطہ میں ہونگے۔
سندھ میں محرم کے دوران فوج تعیناتی کی منظوری:
دوسری جانب سندھ میں محرم کے دوران فوج تعینات کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ کی درخواست پر سندھ میں فوج، رینجرز اور ایف سی کے دستے تعینات کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997ء سیکشن 4 اور 5 کے تحت ملک بھر کی طرح سندھ میں فوج تعینات ہوگی۔ فوج کو سول انتظامیہ کی مدد کیلئے تعینات کیا جارہا ہے۔ وفاقی وزارت داخلہ نے آرڈر جاری کردیا۔
وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق فوج کی تعیناتی وہاں کے زمینی حالات کے پیش نظر کی جائے گی۔ صوبوں کو تعیناتی کا اختیار ہوگا۔ محکمہ داخلہ سندھ نے فوجی حکام سے رابطہ کرلیا، محرم میں فوج کی تعیناتی کا روڈ میپ تیار کرلیا گیا۔ متعلقہ فریقین کے باہمی مشورے سے فوجی دستے ضرورت کے مطابق تعینات ہوں گے۔
عشرہ محرم سیکیورٹی انتظامات، محسن نقوی نے اہم اجلاس طلب کرلیا
محرم الحرام میں سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے آج اہم اجلاس طلب کر لیا۔
وزارت داخلہ میں منعقدہ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔ مجالس اور جلوسوں کے سیکیورٹی پلان کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی محرم الحرام میں امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں گے۔
آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی محرم الحرام سیکیورٹی پلان کے بارے بریفنگ دیں گے۔
کمالیہ میں محرم کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات:
سرکل کمالیہ میں یکم محرم الحرام کو 03جلوس اور 24 مجالس ہوں گی۔ علاقہ تھانہ سٹی کمالیہ میں 2جلوس اور 1صدر کمالیہ میں ہوگا۔ تھانہ سٹی کمالیہ میں 6مجالس،تھانہ صدر کمالیہ میں 4،تھانہ بھسی میں 03 مجالس ہوں گی۔
جلوس مجالس کے اردگرد ایریاز میں ایلیٹ فورس اور ڈالفن پولیس گشت پر مامور رہیں گی۔ جلوس مجالس میں عورتوں کی شرکت کے باعث لیڈی پولیس کی ڈیوٹی بھی لگائی گئی ہے۔
جلوس کے راستوں کی اردگرد کی گلیوں کوخاردار تاروں سے مکمل طور پر بند کیا جائے گا۔ شرکاء کی میٹل ڈٹیکٹر اور واک تھرو گیٹ سے سرچ کی جائیگی۔