ویب ڈیسک: کے الیکٹرک کی جانب سے بدترین لوڈشیڈنگ کیخلاف کراچی کے عوام نے سندھ ہائیکورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا دیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ بروقت بلز ادا کرنے والے علاقوں میں بھی بجلی کی بارہ بارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق نارتھ ناظم آباد کے مکین کے الیکٹرک کے خلاف سندھ ہائیکورٹ پہنچ گئے۔ درخواستگزاروں نے مؤقف اپنایا ہے کہ نارتھ ناظم آباد فیڈر میں 12,12 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے۔ کے الیکٹرک کے مطابق یہ فیڈر "لو لاسز" میں آتا ہے۔ مکین بروقت بجلی کا بل ادا کرتے ہیں مگر طویل لوڈشیڈنگ سے مسلسل اذیت دی جارہی ہے۔
عدالت نے کے الیکٹرک ، نیپرا و دیگر کو نوٹس جاری کردیا۔ عدالت نے فریقین کو دو ہفتے میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔