ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی وفد کے ہمراہ چین کے تاریخی ورثے ’ٹیرا کوٹا وارئیر‘ میوزیم کا دورہ کیا۔
وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، احسن اقبال، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، ڈاکٹر مصدق ملک، سردار اویس خان لغاری، رانا تنویر حسین بھی دورے کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران شہباز شریف اور پاکستانی وفد کو تاریخی ورثہ جات کے تحفظ و بحالی اور سیاحت کے فروغ کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعظم نے میوزیم کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور قدیم چینی تاریخی ورثے کی خوبصورتی اور چینی ہنر کی تعریف کی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دو سو برس قبل مسیح کے چینی کاریگروں کا ہنر قابل تعریف ہے، چینی حکومت کی اس تاریخی ورثے کی حفاظت اور بحالی قابل تقلید ہے، عظیم قومیں چین کی طرح اپنے تاریخی ورثے کی حفاظت کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چین نے اپنی محنت سے دنیا کے ہر شعبے میں اپنا لوہا منوایا ہے، چینی صدر عزت مآب شی جن پنگ کی اس میوزیم کے دورے کی دعوت پر انکا بے حد مشکور ہوں، پاکستان تاریخی و ثقافتی ورثے سے مالامال ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بھی ایسی تاریخی جگہوں کی بحالی کے بعد انہیں سیاحتی مقامات میں تبدیل کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز چینی صدر عزت مآب شی جن پنگ نے وزیرِ اعظم کو اپنے آبائی شہر شی-آن میں ٹیرا کوٹا وارئیرز میوزیم کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔