وزیراعلیٰ نے استعفیٰ نہیں دیا، ترجمان پنجاب حکومت

وزیراعلیٰ نے استعفیٰ نہیں دیا، ترجمان پنجاب حکومت
کئی میڈیا چینلز پر خبر یں سامنے آئیں کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم کو پیش کر دیا ہے تاہم ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے ان خبروں کی تردید کی ہے. ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیٍغام میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے وزارت اعلی کے حوالے سے قیادت کو کسی قسم کا کوئی پیغام نہیں دیا، اس ضمن میں ذرائع کے حوالے سے مختلف چینلز پر نشر ہونے والی خبر بے بنیاد اورمن گھرت ہے. ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے علیم خان کے خلاف بھی کوئی بیان نہیں دیا. حسان خاور نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چوہدری پرویز الہی کو منصب دینے یا اپنے پاس رکھنے کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کسی کی مخالفت یا حمایت کا اعلان نہیں کیا، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کووزیراعظم عمران خان کی قیادت پر بھر پور اعتماد ہے تحریک انصاف وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہے، مخالفین کی دڑاریں ڈالنے کی ہر سازش ناکام ہوگی. دوسری جانب وزیر اعظم نے عثمان بزدار کو ان کے منصب سے نہ ہٹانے کا اشارہ دے دیا، انھوں نے کہا کہ عثمان بزدار نے بطور وزیر اعلیٰ جتنا کام کیا وہ کسی اور نے نہیں کیا۔ عمران خان نے اس حوالے سے واضح کیا کہ عثمان بزدار میڈیا فرینڈلی نہیں ہیں، جس کا انھیں نقصان ہوتا ہے، لیکن وزیراعلی ٰ پنجاب کو تبدیل کرنا آسان نہیں ہے، وزیر اعلیٰ کی تبدیلی ایک پورا تھاٹ پراسس ہے۔انھوں نے کہا عثمان بزدار رابطوں کی وجہ سے ایم پی ایز میں بھی مقبول ہیں، عثمان بزدار سے مسئلہ ان لوگوں کو ہے جو خود وزارت اعلیٰ کے امیدوار ہیں۔ وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ جہانگیر ترین کو جتنا جانتا ہوں وہ کبھی غداروں کا ساتھ نہیں دے سکتا، ڈاکوؤں کا گلدستہ صرف میری وجہ سے اکٹھا ہے، فلور کراسنگ کا قانون موجود ہے جس پر اراکین ہمیشہ کے لیے سیاست سے ہاتھ دھو سکتے ہیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔