اسلام آباد: ( پبلک نیوز) جماعت اسلامی نے پینڈورا پیپرز کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے استدعا کی ہے کہ اس اہم معاملے کی فوری طور پر تحقیقات کی جائیں۔ جماعت اسلامی کی جانب سے عدالت عظمیٰ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ پینڈورا پیپرز میں بڑے بڑے پاکستانی شہریوں کے نام سامنے آئے۔ یہ معاملہ درصل پاناما لیکس کا ہی تسلسل ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ پینڈورا پیپرز میں بھی پاناما لیکس کی طرح بڑے لوگوں کے نام سامنے آئے۔ اس پر حکومت نے تحقیقات کا عمل شروع کیا لیکن ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی۔ سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ پاناما لیکس کی درخواست پہلے سے سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ عدالت پاناما کے ساتھ پینڈورا پیپرز کی بھی تحقیقات کرائے۔ درخواست میں وفاقی حکومت کو فریق بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اس میں سیاستدانوں اور ان کے خاندان کے سامنے آنے والے ناموں کی فہرست بھی شامل کی گئی ہے۔ اس درخواست میں فوجی افسران اور ان کے اہل خانہ کے پینڈورا پیپرز میں سامنے آنے والے ناموں جبکہ کاروباری شخصیات اور میڈیا مالکان کے سامنے آنے والے نام بھی شامل کئے گئے ہیں۔سس