ڈالر کو لگام نہ دی جاسکی، روپے کی قدر میں گراوٹ

ڈالر کو لگام نہ دی جاسکی، روپے کی قدر میں گراوٹ
پاکستانی کرنسی روپے کی گراوٹ کا سلسلہ نہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ پاکستانی معاشی صورتحال کے پیش نظر امریکی ڈالر مزید تگڑا ہو گیا ہے۔ گذشتہ چند روز سے ملک کی کرنسی مارکیٹوں میں ڈالر سمیت دیگرغیرملکی کرنسیوں کے مقابلے میں روپیہ بے قدری کا شکار رہا۔ کرنسی ڈیلرز کا کہنا تھا کہ ڈالر کی طلب میں مسلسل اضافہ اس کی قدر میں اضافے کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ آج کاروباری دن کے آغاز میں انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں ایک روپے آٹھ پیسے کا اضافہ ہوا۔ انٹربینک میں امریکی ڈالر 224 روپے سے تجاوز کر گیا۔ خیال رہے کہ گذشتہ روز بدھ کو کاروباری دن کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر دو روپے مہنگا ہو کر223 روپے .42 پر بند ہوا تھا۔ دوسری جانب اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 235 روپے پر جا پہنچی تھی۔ دن کے اختتام پر اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 234 روپے پر پہنچ گئی تھی۔ گذشتہ ہفتے آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کو ایک ارب سولہ کروڑ ڈالر قرض مل گیا، جس کے بعد یہ امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ اس سے روپیہ مضبوط ہوگا لیکن ایسا نہ ہوسکا۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔