اسلام آباد: نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ نگران حکومت تمام بین الاقوامی معاہدوں کا احترام کرتی ہے اور ان پر عملدرآمد جاری رکھے گی، حکومتی اخراجات کم کرنے، سرمایہ کاری کو فروغ دینے، سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے سمیت سمگلنگ کی روک تھام کے لئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کے دو روزہ اجلاس کا آج پہلا دن تھا، اس اجلاس کا دوسرا سیشن کل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تین بڑے مقاصد انفارمیشن ٹیکنالوجی، مائننگ اور زراعت پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں حکومتی اخراجات اور گردشی قرضوں کو کم کرنے، نجکاری کے عمل کو بہتر بنانے اور سمگلنگ کی روک تھام سمیت دیگر مسائل پر غور ہوا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اخراجات کم کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،جبکہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا اور ویزا پالیسی میں بھی بہتری لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سمگلنگ کی روک تھام پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ نگران حکومت تمام بین الاقوامی معاہدوں کا احترام کرتی ہے اور ان پر عمل درآمد جاری رکھے گی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت جو فیصلے کر کے گئی ہے، ہماری قانونی رائے یہی ہے کہ ہم ان پر عمل درآمد کریں گے۔ ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی کے فیصلوں کے حوالے سے سوال پر نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اجلاس جاری ہے، آج پہلا دن تھا، اس کا دوسرا سیشن کل ہوگا، اس میں ہونے والے فیصلوں کی تمام تفصیلات میڈیا کے سامنے آ جائیں گی۔