پی ٹی آئی کا جلسہ تاخیر کا شکار، کارکنوں کی آمد جاری، راستے سیل، موبائل سروس معطل

پی ٹی آئی کا جلسہ تاخیر کا شکار، کارکنوں کی آمد جاری، راستے سیل، موبائل سروس معطل
کیپشن: پی ٹی آئی کا جلسہ تاخیر کا شکار، کارکنوں کی آمد جاری، راستے سیل، موبائل سروس معطل

ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) آج اسلام آباد میں جلسہ کرنے جارہی ہے، جس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، شہر کے بیشتر داخلی اور خارجی راستے کنٹینرز لگا کر بند کر دیے گئے جبکہ جلسہ گاہ سے ہینڈ گرنیڈ، راکٹ لانچر، ڈیٹونیٹر اور بم برآمد کرلیے گئے۔اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں پاکستان تحریک انصاف کا پنڈال سج گیا، جلسہ گاہ میں کارکنان کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف آج اسلام آباد میں سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی، سنگجانی کے قریب ہونے والے جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔

جلسے کی سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، شہر کے 29 مقامات سیل کردیے گئے، مختلف داخلی اور خارجی راستے کنٹینرز لگا کر بند کردیے گئے۔

جلسہ گاہ کی سکیورٹی کے لیے موبائل فون اورانٹرنیٹ کی سروس کو ڈاؤن کردیا گیا، میٹرو بس بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، جلسہ گاہ سے بارودی مواد بھی برآمد کرلیا گیا۔

پی ٹی آئی قیادت
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی، حامد رضا سمیت دیگر پی ٹی آئی قیادت ایران ایونیو پر پہنچ گئی ،پی ٹی آئی قیادت کو راستے میں رکاوٹوں کے باعث جلسہ گاہ پہنچنے میں تاخیر کا سامنا ہے، کارکنان ہزاروں کی تعداد میں موجود ہیں۔

اس موقع پر بیرسٹر گوہر علی کا کہنا تھا کہ آج کا جلسہ تاریخی ہونے جا رہا ہے، جلسہ ایک گھنٹے تک شروع ہو جائے گا۔
کنٹینرز ہٹا دیئے
دوسری جانب شاہ اللہ دتہ کے مقام پر پی ٹی آئی کارکنوں نے کنٹینرز ہٹا دیئے، گاڑیوں کی ٹکر سے کنٹینرز سڑک سے نیچے گرا دیئے، کنٹینرز سڑک سے ہٹا کر مارگلہ ایوینیو کھول دیا گیا، مارگلہ ایوینیو سے ٹریفک سنگجانی کی جانب رواں دواں ہے۔

پشاور روڈ پر 26 نمبر چونگی پھر بند
پشاور روڈ پر 26 نمبر چونگی تھوڑی دیر کھولنے کے بعد پھر بند کردی گئی، موٹروے سے آنے والی ٹریفک کا 26 نمبر چونگی سے اسلام آباد داخلہ بند ہے، فیض آباد، راولپنڈی سٹیڈیم روڈ اور آئی جی پی سے نائنتھ ایونیو بھی تاحال بند ہے۔
آئی جے پی روڈ سے متصل داخلی گلیوں پر رکاوٹیں کھڑی کردی گئیں، بعض مقامات پر شہریوں نے کنٹینرز پیچھے دھکیل دیئے ،راستوں کی بندش کے باعث جڑواں شہروں میں لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

علی امین گنڈا پور

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور بھی پشاور سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئے، وزیر اعلیٰ قافلوں کے پیچھے پیچھے جارہے ہیں۔

ترجمان وزیر اعلیٰ پختونخوا کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کوشش کر رہے ہیں وزیر اعلیٰ قافلوں سے آگے نکل جائیں، علی امین گنڈا پور دیر ہونے کی وجہ سے میڈیا سے گفتگو کئے بغیر اسلام آباد کے لیے نکل گئے ہیں۔

جلسہ گاہ کے اطرف تمام ہوٹل، گیسٹ ہاؤس بند رکھنے کا حکم
ذرائع کے مطابق سنگجانی پولیس کی جانب سے آج سے 9 ستمبر تک سنگجانی میں ہوٹل، گیسٹ ہاؤس اور ریسٹورنٹ بند رکھنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں، اس دوران کسی بھی شخص کو رہائش، کھانا یا کسی قسم کا سامان نہیں دیا جائے گا۔

تحریک انصاف جلسہ گاہ کے اطراف ہوٹل اور دکانیں بند کرنے کا نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے، نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی شخص کو رہائش، کھانا یا کوئی اور سہولت فراہم نہ کی جائے۔

تھانہ سنگجانی کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق یہ بھی کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔

میٹروبس سروس بند

علاوہ ازیں اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں پی ٹی آئی کے جلسے کے پیشِ نظر میٹرو بس سروس مکمل بند کر دی گئی، انتظامیہ کے مطابق میٹرو بس سروس راولپنڈی صدر سٹیشن سے پاک سیکرٹریٹ تک بند کی گئی ہے۔

موبائل انٹرنیٹ سروس سست
پی ٹی آئی کے سیاسی پاور شو کے پیش نظر جڑواں شہروں میں موبائل انٹرنیٹ سروس بھی سست ہوگئی، انٹرنیٹ سروس کی سست روی کے باعث صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔

قبل ازیں چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر، عمر ایوب، اسد قیصر، محمود اچکزئی نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔

محموداچکزئی

محمود اچکزئی نے کہا کہ سب چاہتے ہیں ملک بحرانوں سے باہر نکلے، نواز شریف سمجھ گئے ہیں، ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے مل بیٹھنا ہوگا، بغیر انصاف کے دنیا کا کوئی نظام نہیں چل سکتا، بانی پی ٹی آئی نے اگر غلط کام کیا تو یہ لوگ کیوں دہرا رہے ہیں؟

اسد قیصر

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ملک کو غاصبوں سے نجات دینے کیلئے سب کو نکلنا ہوگا،عدلیہ پر وار کیا گیا تو یہ پاکستان کیلئے بڑا المیہ ہوگا، ہمارے ایم این ایز اور سینیٹرز کو دباؤ میں لایا جا رہا ہے، یہ قانون سازی کر رہے ہیں یا من مانی کر رہے ہیں؟

جلسہ گاہ سے ہینڈ گرنیڈ، راکٹ لانچر، ڈیٹونیٹر اور بم برآمد

اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسہ گاہ سے بارودی مواد برآمد ہوا ہے، جس میں دستی بم اور دھماکا خیز مواد شامل ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بیگ سے ہینڈ گرینیڈ، راکٹ لانچر، ڈیٹونیٹر اور بم برآمد ہوا ہے، بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر تحقیقات شروع کردیں۔

اس کے علاوہ پولیس کی بھاری نفری کو بھی جلسے کے ارد گرد تعینات کردیا گیا۔

پی ٹی آئی کے جلسے کے باعث اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر ضلع بھر میں سیکیورٹی ریڈ الرٹ کر دی گئی، امن وعامہ کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے مختلف مقامات پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے۔

اسلام آباد میں ریڈ زون کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو کنٹینرز کی مدد سے بند کر دیا گیا، ریڈ زون داخلے کے لیے متعلقہ افراد کو مارگلہ روڈ کے راستے سے جانے کی اجازت ہوگی۔

جلسے سے قبل سنگجانی کے مقام پر کنٹینرز رکھ کر جی ٹی روڈ کو دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا جبکہ موٹر وے 26 نمبر چونگی پر اسلام آباد کے داخلی راستے بند کر دیے گئے۔

ایکسپریس ہائی وے کھنہ پل کے مقام پر کنٹینر لگا دیے گئے، گاڑیوں کی لمبی قطاریں

اس کے علاوہ ایکسپریس ہائی وے کھنہ پل کے مقام پر کنٹینر لگا دیے گئے جس کے باعث اسلام آباد سے روات جانے والی ایکسپریس وے پر ہیوی ٹریفک جام ہوگئی جبکہ روات کی جانب سے اسلام آباد جانے والی ایکسپریس وے مکمل بند کردی گئی۔

ایکسپریس ہائی وے کی بندش سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، دیگر شہروں سے آنے والے کارکنان موٹروے کے ذریعے آئیں گے۔

مری روڈ کو فیض آباد کے مقام پر کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا، روات ٹی چوک سے راولپنڈی آنے والے راستوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا جبکہ فیض آباد انٹرچینج کو بھی مکمل طور پر سیل کردیا گیا۔

ایس او پیز کی خلاف ورزی ہوگی تو قانون حرکت میں آئے گا، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد

دپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے کہا کہ پی ٹی آئی کو 40 شرائط پر جلسے کی اجازت دی ہے، اگر ایس او پیز کی خلاف ورزی ہوگی تو قانون حرکت میں آئے گا، پی ٹی آئی کو شام 4 بجے سے 7بجے تک جلسے کی اجازت دی گئی ہے، جلسے میں کوئی ریاست مخالف نعرہ نہیں لگے گا۔

ڈی سی اسلام آباد نے کہا کہ جلسے میں کسی کو اسلحہ لیکر آنے کی اجازت نہیں ہوگی، اسٹیج پر بیٹھنے والے افراد کی لسٹ انتظامیہ کو فراہم کرنا ہوگی، ملک بھر سے آنے والوں کے لیے روٹ متعین کیے گئے ہیں، امید ہے پی ٹی آئی ایس او پیز کی خلاف ورزی نہیں کرے گی۔

ادھر خیبر پختونخوا اور پنجاب کے باڈر اٹک خورد پولیس چیک پوسٹ پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر بیرسٹر سیف 

وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر بیرسٹر سیف نے اس خدشے کا اظہار کیا کہ حکومت جلسے سے پہلے این او سی منسوخ کرنے کی کوشش کرے گی، ہمیں خدشہ ہے کہ انتظامیہ جلسے کی راہ میں رکاوٹ ڈالے گی مگر این او سی منسوخ ہوا بھی تو جلسہ ہوگا۔

میٹرو بس سروس بند
علاوہ ازیں اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں پی ٹی آئی کے جلسے کے پیشِ نظر میٹرو بس سروس مکمل بند کر دی گئی۔

میٹرو بس انتظامیہ کے مطابق میٹرو بس سروس راولپنڈی صدر سٹیشن سے پاک سیکرٹریٹ تک بند کی گئی ہے۔

سنگجانی جلسہ: ہوٹل مالکان کو 9 ستمبر تک ہوٹل بند رکھنے کے احکامات
پی ٹی آئی کے سنگجانی میں ہونے والے جلسے کے پیش نظر اسلام آباد کی انتظامیہ نے ہوٹل مالکان کو 9 ستمبر تک ہوٹل بند رکھنے کے احکامات جاری کردیے۔

جلسے کے پیشِ نظر سنگجانی ایریا میں ہوٹل گیسٹ ہاؤس اور کٹیرنگ مالکان کو نوٹس دیے گئے ہیں، نوٹس کے مطابق سنگجانی میں ہوٹل، گیسٹ ہاؤس اور کٹیرنگ کی دکانیں بند رہیں گی، جلسے کے لوگوں کو کوئی رہائش اور کھانا نہ دیا جائے،

بیرسٹر گوہر، عمر ایوب، اسد قیصر، محمود اچکزئی کا جلسہ گاہ کا دورہ
دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر، عمر ایوب، اسد قیصر، محمود اچکزئی نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔

چیئرمین بیرسٹرگوہر نے کہا کہ جلسے سے پہلے جلسہ شروع ہوچکا ، ان کے اتحادی بھی جلسے میں شریک ہوں گے، سنگجانی کے مقام پر اسلام آباد کا سب سے بڑا جلسہ منعقد ہوگا، انتظامیہ کا مشکور ہوں جنہوں نے این او سی دیا، جلسہ پرامن ہوگا، لانگ مارچ نہیں ہوگا، جلسہ عدلیہ کی آزادی کیلئے ہوگا، بانی پی ٹی آئی عمران خان آپ کی آزادی کی وجہ سے جیل میں ہیں۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ جلسے میں رکاوٹ ڈالنے کے لیے نئی جگہ کا این او سی جاری کیا گیا، جیسے بھی ممکن ہو کارکن پہنچیں۔

سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج جلسہ ہرصورت ہوگا جبکہ وزیراعلی خیبرپختونخوا نے ہر رکن اسمبلی کو ایک ہزار کارکن ساتھ لانے کی ہدایت کی ہے، ضلعی انتظامیہ جلسے گاہ آنے کا روٹ پلان جاری کرچکی ہے۔

محمود اچکزئی نے کہا کہ سب چاہتے ہیں ملک بحرانوں سے باہر نکلے، نواز شریف سمجھ گئے ہیں، ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے مل بیٹھنا ہوگا، بغیر انصاف کے دنیا کا کوئی نظام نہیں چل سکتا، بانی پی ٹی آئی نے اگر غلط کام کیا تو یہ لوگ کیوں دہرا رہے ہیں؟

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ملک کو غاصبوں سے نجات دینے کے لیے سب کو نکلنا ہوگا،عدلیہ پر وار کیا گیا تو یہ پاکستان کیلئے بڑا المیہ ہوگا، ہمارے ایم این ایز اور سینیٹرز کو دباؤ میں لایا جا رہا ہے، یہ قانون سازی کر رہے ہیں یا من مانی کر رہے ہیں؟

پی ٹی آئی جلسہ، صوابی میں 819 پولیس اہلکار تعینات، ٹریفک پلان مرتب
ادھر پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے لیے صوابی میں 819 پولیس اہلکار تعینات کردیے گئے جبکہ پولیس نے ٹریفک پلان بھی مرتب کرلیا۔

پولیس حکام کے مطابق جلسے کے لیے تعینات اہلکاروں میں 631 کانسٹیبلز اور 27 اے ایس آئیز شامل ہیں، تمام متعلقہ ڈی ایس پی اور ایس پیز بھی زمہ داریاں انجام دیں گے، ٹریفک پولیس اہلکار بھی جلسے میں خدمات انجام دیں گے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جلسے کے لیے مردان، صوابی اور چارسدہ سے بھی اہلکاروں کو طلب کیا گیا ہے، تمام اضلاع میں قافلوں کی روانگی کے لیے پولیس نے سیکیورٹی پلان مرتب کیا ہے، وزیراعلیٰ اور وزرا کے ساتھ اپنے اپنے سیکیورٹی اسکواڈ ہوں گے، امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہیں۔

پی ٹی آئی کا سنگجانی میں جلسہ: صوابی انٹر چینج پر استقبالیہ کیمپ لگا دیا گیا
پاکستان تحریک انصاف کا اسلام آباد سنگجانی میں جلسے کے پیش نظر پی ٹی آئی کی جانب سے صوابی انٹر چینج پر استقبالیہ کیمپ لگا دیا گیا۔

خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع سے آنے والے قافلوں کے لیے کرسیاں لگا دی گئی جبکہ پی ٹی آئی جلسے کے لیے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سے سرکاری مشینری استقبالیہ کیمپ پر پہنچا دی گئی، ریسکیو 1122 کی گاڑیوں پر سفید اسٹیکرز لگا کر چپکا دی گئی جبکہ ضلع بھر کے 4 ٹی ایم اے کے اہلکار مصروف ہیں۔

جلسے کے لیے راستے میں حائل رکارٹوں کو دور کرنے کے لیے بڑی بڑی مشینری موجود ہیں، جلسے کے لیے جانے سے پہلے وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا وپر خطاب کریں گے، جلسے کے لیے جانے والے قافلوں کی قیادات وزیراعلیٰ کریں گے۔

پشاور سے پی ٹی آئی قافلوں کی روانگی کی تفصیل جاری
پشاور سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے قافلوں کی روانگی کی تفصیل جاری کردی گئی، پی ٹی آئی جلسے کے لیے پشاور کے تمام حلقوں سے قافلے 11 بجے کے بعد روانہ ہوں گے، پی ٹی آئی کارکن کچھ دیر میں اپنے اپنے حلقوں میں جمع ہوں گے اور 3 بجے سے پہلے صوابی پہنچیں گے۔

ضلعی صدر عرفان سلیم کی قیادت میں قافلہ احسان اسٹریٹ اتحاد کالونی سے روانہ ہوگا، ریجنل صدر ارباب عاصم کی قیادت میں قافلہ حجرہ عاصم بہادر کلے سے روانہ ہوگا جبکہ ضلعی جنرل سیکرٹری ملک شہاب چمکنی کی قیادت میں قافلہ موٹر وے چوک نادرن بائی پاس سے روانہ ہوگا۔

صوبائی وزیر مینا خان آفریدی کی قیادت میں قافلہ سپرئیر سائنس کالج سے روانہ ہوگا، ایم این اے شیر علی ارباب کی قیادت میں قافلہ حجرہ شیر علی ارباب تہکال سے روانہ ہوگا جبکہ صوبائی وزیر قاسم علی شاہ کی قیادت میں قافلہ پاکستان فلور مل مہمان خاص شادی ہال سے روانہ ہوگا۔

تیمور سلیم جھگڑا کی قیادت میں قافلہ ناصر باغ روڈ سے روانہ ہوگا، علی زمان ایڈووکیٹ کی قیادت میں قافلہ ارشد پلازہ شیروجنگی سٹاپ چارسدہ روڈ سے روانہ ہوگا، ایم پی اے شیر علی آفریدی کی قیادت میں قافلہ زنگلی نہر کوہاٹ روڈ سے روانہ ہوگا جبکہ ارباب جہانداد کی قیادت میں قافلہ نزد موٹر وے ٹول پلازہ سے روانہ ہوگا۔

اسی طرح ایم پی اے سمیع اللہ کی قیادت میں قافلہ حجرہ سمیع اللہ سے روانہ ہوگا، کامران بنگش کی قیادت میں قافلہ چمکنی حجرہ سے روانہ ہوگا جبکہ تحصیل چئیرمین انعام اللہ کی قیادت میں قافلہ بمقام پرائم ہسپتال ورسک روڈ سے روانہ ہوگا۔