شہباز شریف اورمریم نوازکا یومِ بحریہ پر خصوصی پیغام

شہباز شریف اورمریم نوازکا یومِ بحریہ پر خصوصی پیغام
کیپشن: شہباز شریف اورمریم نوازکا یومِ بحریہ پر خصوصی پیغام

ویب ڈیسک: وزیرِ اعظم شہباز شریف ، مریم نواز سمیت دیگر سیاسی شخصیات کا  یومِ بحریہ پر خصوصی پیغام،کہا کہ بحریہ کی مستقل مزاجی فرض شناسی کا ثبوت ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ بحریہ پر پاکستان بحریہ کے تمام اراکین کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

اُنہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کی مستقل مزاجی ان کی فرض شناسی اور وطن سے محبت کا ثبوت ہے، پاک بحریہ کی خدمات اور قربانیوں کی دل سے قدر کرتے ہیں۔

وزیرِ اعظم نے مزید کہا کہ سمندری سرحدوں کے تحفظ میں پاک بحریہ کے کردار کو بہت اہمیت دیتے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز

پاکستان نیوی ڈے پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سمندری حدود کی حفاظت پر مامور پاک بحریہ کو سلام پیش کرتی ہوں، قوم پاکستان نیوی کے جانبازوں کے کارناموں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 8ستمبر کادن پاک بحریہ کے سرفروشوں کی قربانیوں اور غیر معمولی کارناموں کی یاد دلاتا ہے، 1965 اور 1971 میں پاک بحریہ نے دشمن کو ناکوں چنے چبوائے، پاک بحریہ کے جانبازوں نے جنگ کے دوران سمندری حدود کا دفاع کرتے ہوئے دشمن کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی سمندری حدود کی حفاظت کرنے والے پاک بحریہ کے افسر اور جوان ہمارا فخر ہیں، دفاع وطن میں پاک بحریہ کے ناقابل فراموش کردارکو تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، پاکستان نیوی خطے میں باصلاحیت اور متحرک پروفیشنل بحری فورس بن کر اُبھری ہے۔ 

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا یوم بحریہ پر خصوصی پیغام

محسن نقوی  نے یوم بحریہ پر کہا ہے کہ ہم اپنے بہادر سمندری محافظوں کی عظیم قربانیوں اور بے مثال خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،8 ستمبر  ہماری دفاعی تاریخ کا ایک اور عظیم الشان اور یادگار دن ہے، 1965کی جنگ میں پاک بحریہ کے سرفروشوں نے دشمن کی سمندری طاقت کا غرور ملیامیٹ کیا۔8 ستمبر بھی  قربانیوں، لازوال جذبوں اور غیر معمولی کارناموں کی تاریخ سموئے ہوئے ہے۔

 محسن نقوی نے کہا کہ بری، فضائی کی طرح بحری فوج نے بھی جوانمردی سے  دشمن کو پسپا کیا،پاک بحریہ کے جانبازوں نے  سمندری حدود کا دفاع کرتے ہوئے دشمن کو شکست دی، سمندری سرحدوں کی حفاظت کرنے والے پاک بحریہ کے افسر اور جوان ہمارا فخر ہیں، 1965 کی جنگ میں پاک بحریہ کے ناقابل فراموش کردارکو سنہری حروف سے تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

محسن نقوی  نے مزید کہا کہ پاک  بحریہ ہر قسم کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے،نیوی ڈے پاک بحریہ کے بہادر سپوتوں کے عظیم کارناموں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے،پاک بحریہ8 ستمبر1965کے جذبے کو زندہ جاوید رکھنے کے لئے پر عزم ہے۔

Watch Live Public News