(ویب ڈیسک ) وزیراعظم کے مشیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے عمران خان اور پی ٹی آئی کو "اسرائیلی سیاسی برانڈ" قرار دے دیا۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل ٹائمز نے پاکستان میں "انقلاب" اور "تبدیلی" لانے کی حقیقت کھول دی ہے ، اس انکشاف کے بعد 9 مئی کی منصوبہ سازی اور حملوں کی وجوہات مزید واضح ہو گئی ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ "فارن فنڈنگ" اور "سماجی خدمت" ایک پلاننگ کا حصہ تھی جس کا مقصد پاکستان کی اسلامی، نظریاتی سوچ اور خارجہ پالیسی کو بدلنا تھا ، پاکستان کو جوہری ملک بنانے، سی پیک لانے اور معاشی ترقی کو تاریخ کی بلند ترین سطح پر لیجانے والے نواز شریف کو اقتدار سے نکالنے کی پوری کہانی اسرائیلی اخبار کے مضمون کو پڑھ کر پوری طرح سمجھ آ جاتی ہے ۔
وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ اسرائیل نے عمران نیازی جیسے مہرے کے حق میں بیان کیوں دیا تھا، امریکی کانگریس سے قرارداد کیوں منظور ہوئی تھی، اس کے تانے بانے سب کھل کر سامنے آ گئے ہیں، عمران نیازی اور پی ٹی آئی اسرائیلی برانڈ ہے جسے "اسلامی ٹچ" دے کر مسلمانوں میں مقبول بنانے کی منظم کوشش ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت ہر مسلمان کو فلسطینیوں کے قاتل اسرائیل کے "سیاسی برانڈ" کا بائیکاٹ کرنا چاہیے ،ان ٹھوس حقائق کے بے نقاب ہونے کے بعد پی ٹی آئی کو جلسیوں کی نہیں، ڈوب مرنے کی ضرورت ہے۔