لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی عوام میں مقبولیت حاصل کرنے والے ترک ڈراموں کے بعد اب فلم کو بھی سینما گھروں میں ریلیز کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ترک زبان میں بننے والی اس فلم کا نام ’آئلا: دی ڈاٹر آف وار‘ ہے جسے پاکستانی ناظرین کیلئے اردو زبان میں ڈب کیا گیا ہے۔ اس فلم کی نمائش 11 فروری کو کی جائے گی۔ معروف سینما گھروں سائن پیکس، نیو پلیکس اور ایٹریم، نے ترک فلم ’آئلا: دی ڈاٹر آف وار‘ کے شوز کیلئے ایڈوانس بکنگ شروع کر دی ہے۔ ’آئلا: دی ڈاٹر آف وار‘ کی ہدایتکاری ترکی کے معروف فلم ساز کین اولکے نے دی ہے جب کہ اس کی کہانی ییگیت گورلیپ نے لکھی ہے۔ ’آئلا: دی ڈاٹر آف وار‘کی کہانی ترک فوج کی سرد جنگ کے دوران کوریا وار کے گرد گھومتی ہے۔ اس فلم کو اس سے قبل 2017ء میں اردو زبان میں ریلیز کیا گیا تھا۔ اس فلم میں ترک فوجی کو کوریا کی جنگ میں دکھایا گیا ہے، جہاں ایک فوجی افسر کو ایک یتیم بچی ملتی ہے، جسے وہ ’آئلا‘ کا نام دیتا ہے، مگر پھر اچانک وہ اس بچی کو وہیں چھوڑ کر ترکی روانہ ہو جاتا ہے۔ فلم میں ’آئلا‘ نامی بچی کا کردار کوریا کے اداکاروں نے ہی ادا کئے ہیں۔ اس فلم کو رواں ماہ 11 فروری سے پاکستان بھر میں ریلیز کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ یہ ترکی کی پاکستان میں ریلیز ہونے والی دوسری فلم ہوگی۔ اس سے قبل 2020ء میں ترکی کی مشہور فلم ’مریکل ان سیل نمبر سیون‘ کو ریلیز کیا گیا تھا۔