ممکنہ سیلاب کا خدشہ ،محسن نقوی کا دریائے راوی کا دورہ،اداروں کو تمام انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت

ممکنہ سیلاب کا خدشہ ،محسن نقوی کا دریائے راوی کا دورہ،اداروں کو تمام انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت
لاہور: نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے محکمہ آبپاشی،پی ڈی ایم اے،ریسکیو1122کو چوکس رہنے اورتمام ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ممکنہ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے دریائے راوی کا دورہ کیا اور دریا میں پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے متعلقہ محکموں ا وراداروں کو پانی کے بہاؤکو 24گھنٹے مانیٹرکرنے کا حکم دیا، انسانی جانوں کے تحفظ کے لئے دریائے راوی کے بیڈمیں موجود آبادیوں کے انخلاء کا حکم بھی دیا گیا۔انہوں نے محکمہ آبپاشی،پی ڈی ایم اے،ریسکیو1122کو چوکس رہنے اورتمام ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت بھی کی۔ نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ دریائے راوی کی قریبی آبادیوں میں ریلیف و میڈیکل کیمپس قائم کیے جائیں،تمام تیاریاں مکمل رکھی جائیں، پیشگی انتظامات کے سلسلے میں کوتاہی یا غفلت برتنے کی کوئی گنجائش نہیں۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے میڈیکل کیمپ اور ریسکیو 1122 کی کمانڈ پوسٹ کامعائنہ کیا، محسن نقوی نے ریسکیو کی فرضی مشقیں بھی دیکھیں۔ کمشنر لاہور ڈویژن محمد علی رندھاوا نے ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے لئے کئے گئے انتظامات کے بارے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ بھارت نے 185,000 کیوسک پانی اُجھ بیراج سے دریائے راوی میں چھوڑاہے۔ اس وقت دریائے راوی سے 14 ہزار کیوسک پانی گزر رہا ہے۔ صوبائی وزراء اظفر علی ناصر، منصور قادر،عامر میر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹریز آبپاشی،لائیوسٹاک،سی سی پی او لاہور،کمشنر لاہورڈویژن،ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ،ڈپٹی کمشنر لاہور،ڈی جی ریسکیو1122،ڈی جی پی ڈی ایم اے اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔