لاہور میں ہنگامہ آرائی ، عمران خان پر مقدمہ درج کر لیا گیا

لاہور میں ہنگامہ آرائی ، عمران خان پر مقدمہ درج کر لیا گیا
لاہور : صوبائی دارالحکومت لاہور میں گذشتہ روز ہنگامہ آرائی اور پرتشدد واقعات پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔ سابق وزیر اعظم عمران خان پر مقدمہ ڈی ایس پی رائیونڈ کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے ، ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ مسلح افراد سمیت 3، چار سو افراد پر مشتمل جتھے نے ہنگامہ آرائی کی ہے ، جھتے قومی سلامتی کے اداروں کو دھمکیاں دے رہے تھے ۔ متن میں بتایا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کارکن سابق وزیر اعظم عمران خان ، حسان نیازی ، ، محمود الرشید ، فرخ حبیب ، فواد چوہدری، حماد اظہر اور اعجاز چوہدری وغیرہ کے کہنے پر اداروں کو دھمکیاں دیتے رہے ، مشتعل افراد نے پولیس پر پتھراؤ کیا اور ڈنڈے بھی برسائے تھے ۔ ایف آئی آر متن کے مطابق پولیس پر پتھراؤ اور ڈنڈے مارنے سے 13 پولیس افسران اور اہلکار زخمی ہوئے جب کہ کارکنوں کے پتھراؤ کی وجہ سے ان کے اپنے 6 کارکن بھی زخمی ہوئے تھے ، زخمی پولیس اہلکاروں کو طبی امداد کیلئے سروسز ہسپتال لایا گیا کہ جہاں پی ٹی آئی کے کارکن بھی زیر علاج تھے اور انہی زیر علاج زخمیوں میں علی بلال بھی دم توڑ گیا تھا ۔ واضح رہےکہ گذشتہ روز پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) نے آئین اور عدلیہ سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالنےکا اعلان بھی کیا تھا ، صوبائی حکومت کی جانب سے دفعہ 144 نافذ کی گئی تھی جس کی خلاف ورزی پر پاکستان تحریک انصاف کے37 کارکنوں کو گرفتار کیا گیا تھا ۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔