کراچی (ویب ڈیسک) موٹرسائیکل کی مانگ میں اضافے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اٹلس ہونڈا نے 2021 میں چوتھی بار اپنی بائیک کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔
ایسوسی ایشن آف پاکستان موٹرسائیکل اسمبلرز (اے پی ایم اے) کے چیئرمین محمد صابر شیخ نے کہا ڈالر کی قدر میں کمی کے باوجود اٹلس ہونڈا نے موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں 1،600 سے 3،000 روپے تک کا اضافہ کیا ہے۔"
ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے تجزیہ کار فواد بصیر نے بتایا کہ مرکزی بینک کی جانب سے سود کی شرح میں زبردست کمی کی وجہ سے موٹر سائیکل مارکیٹ میں زبردست مانگ ہے۔ اعدادوشمار کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اٹلس ہونڈا کی فروخت سالانہ بنیاد پر رواں مالی سال کے پہلے نو مہینوں میں 25 فیصد بڑھی ہے۔"
اٹلس ہونڈا نے ہونڈا سی ڈی 70 کی قیمت 82،900 روپے سے بڑھا کر 84،500 روپے کردی اس میں 1،600 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ ہونڈا سی ڈی 70 کی قیمت 2021 کے شروع والے چار ماہ میں 6،600 روپے بڑھ چکی ہے۔ اسی طرح ہونڈا سی ڈی 70 ڈریم کی قیمت 1،600 روپے اضافے سے 88،900 روپے سے 90،500 روپے ہو گئی۔
دوسری طرف ، پرایڈر ماڈل کی قیمت میں 3000 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ کمپنی نے پریڈر ویرینٹ کی قیمت 114،500 روپے سے بڑھا کر 117،500 روپے کردی۔ اسی طرح سی جی 125 کی قیمت بھی 3000 روپے اضافے سے 139،500 روپے ہوگئی۔ اس سے قبل یہ ماڈل 136،500 روپے میں فروخت ہو رہا تھا۔ اس سے قبل اٹلس ہونڈا نے مارچ 2021 کے آخر میں موٹرسائیکلوں کی قیمتوں میں 1،000 سے 1،600 روپے تک کا اضافہ کیا۔