'چاہتا ہوں کہ نوجوان نسل پی ٹی آئی کی ممبر بنے'

'چاہتا ہوں کہ نوجوان نسل پی ٹی آئی کی ممبر بنے'
اسلام آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چاہتا ہوں کہ نوجوان نسل پاکستان تحریک انصاف کی ممبر بنے، پی ٹی آئی رابطہ ایپ کے ذریعے آپ سب ممبرز بنیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ملک بھر میں پی ٹی آئی کی رکنیت سازی مہم کے حوالے سے ایپ کا آغاز کردیا ہے۔اس موقع پر عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں موروثی سیاست چل رہی ہے جس میں باپ وزیراعظم اور بیٹاوزیراعلیٰ بن گیا۔ میں پی ٹی آئی کو ایسی پارٹی بنانا چاہتا ہوں جو ہمارے جانے کے بعد بھی چلتی رہے،میں چاہتا ہوں کہ پی ٹی آئی وہ پارٹی بنے جس میں میرٹ ہو۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پہلے نمبر پر ممبر شپ پھر تحریک انصاف کو ادارہ بنانے کی کوشش کریں گے۔ چاہتا ہوں کہ نوجوان نسل پاکستان تحریک انصاف کی ممبر بنے، نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی رابطہ ایپ کے ذریعے آپ سب ممبرز بنیں، جب ایپ لانچ کرینگے تو ایک دم لوڈ پڑے گا مسئلے بھی آئیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ دنیا میں جہاں میرٹ کا نظام ہو وہ ملک ترقی کرتا ہے، چین بھی اپنےمیرٹ کی وجہ سے آگے بڑھا ہے۔ سیاست میں خاندان آجاتے ہیں،ان کا میرٹ بھی نہیں ہوتا، بادشاہت بھی خون کے رشتے پر ہوتی تھی اسی لیے وہ پیچھے اور جمہوریت اوپر چلی گئی۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ 2018میں ٹکٹس دینا مشکل تھا ، 800 ٹکٹس دیے تھے، بہت سے غلط جگہ ٹکٹ دے کر اپنا نقصان بھی کرایا لیکن اب ہم ماڈرن ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، ہمارے پاس ہر قسم کا ڈیٹا آجائے گا، الیکشن کمیشن، امیدوارکی ویری فکیشن کا بھی ڈیٹا آجائے گا۔ عمران خان نے مزید کہا کہ پوری دنیا میں تحریک انصاف کو پذیرائی مل رہی ہے، یہ بہت اچھا وقت ہے کہ اسے استعمال کریں۔ پی ٹی آئی رابطہ ایپ اوورسیز پاکستانیوں کیلئے بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمیشہ سے پاکستان کا اثاثہ ہیں، لیکن موجودہ حکومت کوشش کررہی ہے کہ اوورسیز کسی طرح ووٹ نہ دیں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔