لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کی درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیر اعظم عمران خان کو پارٹی عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس عابد حسین چٹھہ نے محمد آفاق ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت وکیل نے استدعا کہ عدالت کیس کو دوسرے بنچ منتقل کرے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ توشہ خانہ کے حقائق چھپانے پر الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نااہل قرار دیا، نظیر موجود ہے نااہلی کے بعد نواز شریف بھی پارٹی صدر نہ رہے، قانونی طور پر نااہلی کے بعد کوئی پارٹی ہیڈ نہیں رہ سکتا، الیکشن کمیشن سے رجوع کیا مگر عہدے سے ہٹانے کی درخواست پر کارروائی نہیں کی گئی۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت عمران خان کو چیئرمین تحریک انصاف کے عہدے سے ہٹانے کا حکم دے۔ بعدازاں عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔