سانحہ 9 مئی میں پی ٹی آئی کے ملوث ہونے کا انکشاف، وفاقی کابینہ کا قانون سازی کا فیصلہ

سانحہ 9 مئی میں پی ٹی آئی کے ملوث ہونے کا انکشاف، وفاقی کابینہ کا قانون سازی کا فیصلہ
کیپشن: Disclosure of PTI's involvement in May 9 tragedy, Federal Cabinet's legislative decision

ویب ڈیسک: سانحہ 9 مئی میں پاکستان تحریک انصاف کے براہ راست ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ جس کے بعد وفاقی کابینہ نے خصوصی قانون سازی کا فیصلہ کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس ختم ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے نگراں دور حکومت میں 9 مئی کی تحقیقات پر قائم کابینہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کردی۔ رپورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے 9 مئی میں براہِ راست ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع نے کہا ہے کہ رپورٹ کی روشنی میں وفاقی کابینہ نے قانون سازی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کابینہ اراکین نے متفقہ طور پر 9 مئی میں ملوث عناصر کے خلاف مقدمات جلد منتقی انجام تک پہنچانے کا مطالبہ کردیا۔

کابینہ اراکین نے سوال کیا کہ کیپیٹل ہل میں ملوث عناصر کو سزا ہوئی تو 9 مئی کے مجرمان کو اب تک سزا کیوں نہ ہوئی۔

عطاءتارڑ کی میڈیا سے گفتگو:

وفاقی وزیراطلاعات عطاء تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اتحادی جماعتوں کے اراکین بھی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں شریک ہوئے۔ تمام ارکان نے 9 مئی کے مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔

وفاقی وزیر نے سوال اٹھایا کہ ابھی تک 9 مئی کے مجرمان کو سزائیں کیوں نہ ہو سکیں، عدالتیں فیصلہ کیوں نہ کر سکیں؟ نگران دور میں کابینہ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس کی رپورٹ کابینہ اجلاس میں پیش کی گئی۔

عطاء تارڑ نے کہا کہ تین رکنی کمیٹی کی سفارشات کابینہ کے سامنے رکھی گئی ہیں۔ وفاقی کابینہ نے شہداء کے خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔ پاکستان کے خلاف آئندہ سازش نہ ہونے دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔