صدی کا بدترین طوفان امریکی ساحل سے ٹکراگیا، امریکی صدر کا دورہ جرمنی ملتوی

صدی کا بدترین طوفان امریکی ساحل سے ٹکراگیا، امریکی صدر کا دورہ جرمنی ملتوی
کیپشن: صدی کا بدترین طوفان امریکی ساحل سے ٹکراگیا، امریکی صدر کا دورہ جرمنی ملتوی

ویب ڈیسک: امریکی ریاست فلوریڈا کو صدی کے طاقتور ترین سمندری طوفان ملٹن کا خطرہ ہے،طوفان آج ساحلی علاقوں سے ٹکرائے گا۔ امریکی صدر جوبائیڈن نے دورہ جرمنی ملتوی کردیا۔

رپورٹس کےمطابق میکسیکو اور کیوبا میں تباہی مچانے کے بعد سمندری طوفان ملٹن امریکی ریاست فلوریڈا کے قریب پہنچ گیا ہے، طوفان آج فلوریڈا کے مغربی ساحلی علاقوں سے ٹکرائے گا۔

طوفان کے زیراثر ساحلی علاقوں میں بارہ فٹ اونچی لہریں اُٹھنے اورشدید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ساحلی علاقوں سے لوگوں کی بڑی تعداد محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئی۔

میکسیکو کے ساحل پر 250 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں پہلے ہی ریکارڈ کی جا چکی ہیں اور فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹس نے رہائشیوں سے انخلا کی اپیل کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ’وقت تیزی سے ختم ہو رہا ہے۔‘

’ملٹن‘ اس وقت درجہ پانچ کا طوفان ہے جو اپنے ساتھ 270 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہوائیں لا رہا ہے۔ اندازہ ہے کہ یہ بدھ کی شب پوری طاقت سے ریاست فلوریڈا سے ٹکرائے گا جسے تباہ کن سمندری طوفان ہیلین کی زد میں آئے ابھی دو ہفتے سے بھی کم وقت گزرا ہے۔

ہیلین طوفان سے امریکی ریاستوں فلوریڈا، جارجیا، جنوبی کیرولائنا، ٹینیسی، ورجینیا اورشمالی کیرولائنا میں کم از کم 225 اموات ہوئیں۔

امریکا کی نیشنل اوشینک اینڈ ایٹموسفیرئک ایڈمنسٹریشن (این او اے اے) نے اگست میں اپنی تنبیہ میں خبردار کیا تھا کہ ’ماحولیاتی اور سمندری حالات نے سمندری طوفانوں کے ایک انتہائی فعال سیزن کے لیے ماحول بنا دیا ہے‘ اور اس دوران ریکارڈ تعداد میں طوفان آ سکتے ہیں۔

ٹراپیکل طوفان اس وقت سمندری طوفان یا ہریکین بن جاتے ہیں جب اس میں چلنے والی ہوا کی مسلسل رفتار 119 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ جائے۔

درجہ تین اور اس سے اوپر والے بڑے سمندری طوفان وہ ہوتے ہیں جن میں ہوا کی کم از کم رفتار178 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہو۔

سمندری طوفانوں کی درجہ بندی ایک سے پانچ تک درجوں میں کی جاتی ہے اور پانچویں درجے کے طوفان میں251 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ کی رفتار سے ہوائیں چلتی ہیں۔

این او اے اے کے خیال میں سمندری طوفانوں کے موسم میں 17 سے 24 طوفان آتے ہیں جن میں سے آٹھ سے 13 کے درمیان ایسے ہوتے ہیں جو ہریکین یا شدید طوفان کی شکل اختیار کر لیتے ہیں اور ان میں سے چار سے سات کے درمیان بہت بڑے سمندری طوفان بن سکتے ہیں۔

بحر اوقیانوس کے ایک سیزن میں بڑے سمندری طوفانوں کی سب سے زیادہ تعداد سات رہی ہے جو 2005 اور پھر 2020 میں آئے۔ این او اے اے کی پیشن گوئی ہے کہ 2024 بھی ایسا ہی سال ہو سکتا ہے۔

دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن نے جرمنی کا طے شدہ دورہ ملتوی کر دیا ہے، کیونکہ ریاست فلوریڈا کو تباہ کن سمندری طوفان ملٹن کا سامنا ہے۔ بقول صدر یہ سمندری طوفان گزشتہ "ایک صدی کا بدترین طوفان" ہو سکتا ہے۔

Watch Live Public News