کراچی میں بارشیں ،چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق

کراچی میں بارشیں ،چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق
کراچی ( پبلک نیوز )اورنگی ٹاؤن میں مکان کی چھت گرگئی، ماں اور 3 بچے جاں بحق ہو گئے، ریسکیو آپریشن جاری، ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ، تفصیلات کے مطابق کراچی میں رات کے آخری پہر شروع ہونے والی طوفانی بارش نے جل تھل ایک کردیا، ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والی بارش کے بعد زیادہ تر سڑکوں سے صبح ہونے تک پانی اتر چکا تھا مگر کئی مقامات پر ابھی تک پانی موجود ہے، سفاری پارک، نیپا، سرجانی ٹاؤن، مسیحی قبرستان، شاہراہ فیصل لیاقت آباد سپر مارکیٹ، نیو ٹاؤن ، جوہر چورنگی ، ڈاکخانہ ، گارڈن اور عائشہ منزل سمیت متعدد علاقوں میں پا نی جمع ہے ۔ حیدر آباد میں بھی زوردار طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی ، نشیبی علاقے پانی سے بھر گئے ، سڑکوں پر پانی جمع ہونے کے ساتھ ساتھ شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی سپلائی بھی معطل ہو گئی، حب اور سرگودھا میں بھی بارش ہوئی۔ کراچی کی سڑکوں پر جمع ہونے والے پا نی سے جب صبح لوگ گھروں سے دفاتر اور روزمرہ کاموں کیلئے نکلے تو انہیں بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور ان سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے شہر بھر کی ٹریفک پر اس کا اثر پڑا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارشوں کا یہ سلسلہ گیارہ ستمبر تک جاری رہ سکتا ہے اس کے علاوہ آج حب ، سرگودھا، سکھر ، لاڑکانہ، سانگھڑ ، صوبہ پنجاب سمیت ملک بھرکے مختلف علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آنیوالے چوبیس گھنٹوں میں ملک بھر کے کئی مقامات پر بارشوں کا امکان ہے ، رات گئے طوفانی بارشوں نے کراچی اور حیدر آباد میں انتظامات کی قلعی کھول دی ، سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا، کراچی ، حیدر آباد سمیت صوبہ سندھ، صوبہ پنجاب اور ملک بھر کے دیگر مقامات پر آج بھی طوفانی بارشوں کی پیش گوئی ہے۔

Watch Live Public News