ڈسکہ ( پبلک نیوز) این اے 75 ڈسکہ میں پولنگ کے دوران اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی عائد ہے ٗ پولنگ کا عمل مکمل ہونے تک حلقے میں ممبرقومی و صوبائی اسمبلی کے داخلے پر پابندی ہے ٗ پولنگ ایجنٹ پریزائیڈنگ افسر سے فارم 45 وصول کئے بغیر پولنگ اسٹیشن نہیں چھوڑ سکتے۔این اے 75 شکایات حل کرنے کیلئے ڈی آر او، آر او ،صوبائی اور الیکشن کمیشن کی سطح پر کنٹرول روم بنا ئے گئے ہیں ٗ ضمنی انتخابات کے لیے تعینات پریذائڈنگ افسران کی موبائل لوکیشن کے ذریعے مانیٹرنگ ہورہی ہے ۔تمام پریذائڈنگ افسران پولنگ اسٹیشن پر پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں فارم 45 کی تصویر لے گا،پریذائڈنگ افسران فارم 45 کی تصویر پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں متعلقہ ریٹرننگ افسر کو بھیجنے کے پابند ہونگے ٗانٹرنیٹ اور سگنلز کی خرابی کی صورت میں پریذائڈنگ افسران نتیجہ لے کر ریٹرننگ افسر کے دفتر پہنچے گا۔سگنلز اور انٹرنیٹ کی خرابی کی صورت میں پریذائڈنگ افسران فرانزک تفصیلات بھی ریٹرننگ افسر کو جمع کرانے کے پابند ہونگے ٗ الیکشن ایکٹ کے تحت پریذائڈنگ اور اسسٹنٹ پریذائڈنگ افسران کو سمارٹ فون دئیے گئے ہیں ٗ جبکہ الیکشن کمیشن نے تمام پریذائڈنگ اور اسسٹنٹ پریذائڈنگ افسران کو موبائل پر لوکیشن آن رکھنے کی ہدایت کی ہے۔