کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کی جائے گی، شہباز شریف

کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں کی جائے گی، شہباز شریف
پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر شہبازشریف نے عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد کی منظوری کے بعد ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے ماضی کی تلخیاں بھلاتے ہوئے ملک کو آگے بڑھانے اور اسے ایک عظیم قوم بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ شہبازشریف نے کہا ہم قوم کے زخموں پر مرہم رکھنا چاہتے ہیں اور کسی سے انتقام نہیں لیں گے۔انہوں نے کہا کہ کسی کے ساتھ ناانصافی یا زیادتی نہیں کی جائے گی اور بے گناہ لوگوں کو جیلوں میں نہیں ڈالا جائے گا تاہم قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں اور مشاورت سے معاملات نمٹائیں گے اور اداروں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ادھرقومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جمہوریت بہترین انتقام ہے۔ انہوں نے نوجوانوں کو پیغام دیا ہے کہ کچھ ناممکن نہیں۔جے یو آئی ف کے رہنما مولانا اسعد محمود نے تمام جمہوری قوتوں کو مبارکباد دی جنہوں نے آئین کی بالادستی کے لئے جدوجہد کی۔ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے اپنی تقریر میں کہا کہ یہ تبدیلی محض چہروں کی تبدیلی تک محدود نہیں رہنی چاہئے بلکہ لوگوں کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی آنی چاہئے۔ جمہوریت ترقی کا واحد حل ہے۔بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کے سربراہ اختر مینگل نے آئین کی بالادستی یقینی بنانے پر زور دیا۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا کہ اگرچہ عمران خان نے شکست کا سامنا کیالیکن انہوں نے غلامی قبول نہیں کی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔