پولیس کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں دہشت گردوں کی جانب سے دھماکا خیز مواد سے پولیس وین کو نشانہ بنایا گیا۔ دھماکا خیز مواد کو سڑک کے کنارے میں نصب کیا گیا تھا، جیسے ہی پیٹرولنگ موبائل وہاں سے گزری تو زور دار دھماکا ہوا، جس سے موبائل کو جزوی نقصان پہنچا۔ دھماکے کے بعد کڑی ملنگ کے قریب پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ کے قریب سرچ آپریشن کیا. اسی دوران چھپے ہوئے دہشت گردوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہل کاروں پر فائرنگ کردی۔ سیکیورٹی اہل کاروں کی جوابی فائرنگ سے 2دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشت گردوں کی شناخت میرزمان ولد شیر زمان سکنہ کڑی ملنگ (جنگجو شیرین کا کزن) اور عبدالرحمان ولد شاہ جہان سکنہ قلندر سے کی گئی ہے۔ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کے خلاف حملوں اور کارروائیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ایک روز قبل ہی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکیورٹی فورسز کے گروپ پر خود کش حملے میں چار اہل کار شہید ہوئے تھے۔ ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ قافلے پر خود کش حملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ عسکری ترجمان کے مطابق سیکیورٹی ایجنسیاں خود کش حملہ آور اور ان کے سہولت کاروں سے متعلق تحقیقات کر رہی ہیں. پاک فوج دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے. ہمارے بہادر نوجوانوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔