منی بجٹ سے مہنگائی نہیں ہوگی: مشیر خزانہ

منی بجٹ سے مہنگائی نہیں ہوگی: مشیر خزانہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مشیر خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ منی بجٹ اگلے ہفتے پیش کیا جائے گا۔ اس میں کھانے پینے کی اشیا مہنگی نہیں کی جائیں گی۔ یہ بجٹ آئی ایم ایف کیساتھ معاہدے کے تحت لایا جا رہا ہے لیکن اس سے مہنگائی نہیں ہوگی۔ ایک نیوز ویب سائٹ کو خصوصی انٹرویو میں شوکت ترین کا کہنا تھا کہ ابھی اس بارے میں کچھ نہیں بتایا جا سکتا کہ آیا حکومت موبائل فونز پر ٹیکس ختم کرنے جا رہی ہے یا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف)کیساتھ طے شدہ قانون سازی کیلئے سٹیٹ بینک آف پاکستان کی کی خود مختاری کے حوالے سے بل کو بھی منی بجٹ کے ساتھ ہی پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔ مشیر خزانہ نے اپنے انٹرویو میں نوید سنائی کہ پاکستان میں پیٹرول کی قیمتیں جلد ہی کم ہونا شروع ہو جائیں گی۔ خیال رہے کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود اس کا پاکستانی مارکیٹ پر اثر نہیں پڑا تھا۔ عوام آج بھی مہنگے داموں پیٹرول خریدنے پر مجبور ہیں۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں ابھی مصنوعات پر ٹیکسوں کی شرح بڑھانے پر کوئی تبصرہ نہیں کر سکتا۔ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد جب اسے پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا تو سب کو اس کا علم ہوگا۔ خیال رہے کہ میڈیا میں یہ خبریں زیر گردش ہیں کہ منی بجٹ میں امپورٹڈ اشیا سمیت کئی چیزوں کو مہنگا کرنے کی تجویز دی گئی ہے جبکہ مقامی سطح پر مینوفیکچرنگ کی گئی اشیا پر بھی سیلز ٹیکس کی شرح کو 12 سے بڑھا کر 17 فیصد کر دیا جائے گا۔

Watch Live Public News