اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے اپنی کارکردگی سے تحریک انصاف کے تمام وزرا کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے انھیں پہلا انعام ملا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مراد سعید نے اپنی وزارت میں بہترین کارکردگی دکھائی اور ساتھی وزرا کو بہت پیچھے چھوڑت ہوئے اول انعام کے حق دار قرار پائے۔ خیال رہے کہ معاون خصوصی شہزاد ارباب نے وزرا کی کارکردگی رپورٹ تیار کرکے وزیراعظم عمران خان کو پیش کی تھی۔ اس کے بعد وزیراعظم عمران خان کی جانب سے آج وفاقی وزرا کو تعریفی سرٹیفیکٹ دینے کیلئے ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بہترین کارکردگی پر وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کو پہلا انعام دیا گیا۔ ان کے مطابق وزارت مواصلات کی کارکردگی باقی تمام وزارتوں سے بہترین قرار پائی ہے۔ ان وزرا کی لسٹ میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا دوسرا اور ثانيہ نشتر کا تیسرا نمبر رہا۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود، وزیر برائے انسانی حقوق شيريں مزاری اور خسرو بختيار کے حصے میں تعریفی سرٹیفکیٹس آئے۔ ان وزرا کے علاوہ مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معيد يوسف، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، وزیر داخلہ شيخ رشيد اور فخر امام بھی ان وزرا میں شامل تھے جن کی کارکردگی اچھی تھی۔ تاہم وفاقی وزیر وزیر اطلاعات فواد چودھری اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو کوئی انعام نہیں دیا گیا کیونکہ وہ اس فہرست میں شامل ہی نہیں تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ قبل از وقت بہترین وزرا کا بتا کر غلطی کی، اس لئے دیگر وزرا یہاں آئے ہی نہیں، انھیں کہتا ہوں کہ محنت سے کام کریں۔ میں امید کرتا ہوں کہ ان تعریفی اسناد سے وزرا کی کارکردگی مزید بہتر ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جہاں جزا اور سزا کا نظام نہیں ہوتا وہ ملک کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا۔ وزارتوں کو چاہیے کہ وہ اپنی کارکردگی کو بہتر بنائیں۔