راولپنڈی : بلوچستان کے علاقے کوہلو میں سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران دھماکے سے پاک فوج کے میجر اور کیپٹن شہید ہوگئے ہیں ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق بلوچستان کے علاقے کوہلو میں دہشت گردوں کیخلاف سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کی، علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کی کارروائی کے دوران دیسی ساختہ بارودی سرنگ کا دھماکا ہوا، دھماکے سے میجر جواد اور کیپٹن صغیر شہید ہوگئے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ امن دشمنوں کے خلاف سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، بلوچستان کے امن و خوش حالی کے خلاف دشمن عناصر کی بزدلانہ کارروائیاں کامیاب نہیں ہوں گی، سیکورٹی فورسز اپنی جان پر کھیل کر مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔