ویب ڈیسک: امریکی ریاست نیواورلینز میں ہونے والے سپرباؤل کے فائنل میں فلاڈیلفیا ایگلز نے دفاعی چیمپیئن کنساس سٹی کو آسان مقابلے میں شکست دیدی۔امریکی صدر اور مشہور گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ سمیت کئی مشہور شخصیات نے میچ دیکھا۔
تفصیلات کے مطابق فلاڈیلفیا ایگلز نے 2023 میں ہونے والی اپنی شکست کا بدلہ لیتے ہوئے کنساس سٹی چیفس کو 22-40 پوائنٹس سےشکست کا مزہ چکھا دیا۔
یاد رہے کہ کنساس سٹی گزشتہ دو سال سے سپر باؤل جیت رہی تھی اور رواں سال اگر وہ فائنل جیت جاتی تو وہ یہ ایونٹ مسلسل تین مرتبہ جیتنے والی پہلی ٹیم بن جاتی۔
تاہم کنساس سٹی نے شائقین کی امیدوں کے بالکل برعکس کھیل پیش کیا اور فلاڈیلفیا ایگلز نے کھیل کے آغاز سے اختتام تک اپنا غلبہ قائم رکھا۔ اور بہ آسانی میچ 22 کے مقابلے میں 40اسکور سے جیت لیا۔
کنساس سٹی روایتی کھیل کے برعکس پہلے ہاف میں صرف ایک کامیابی حاصل کرسکی۔ جبکہ شائقین کسی اور کھیل کی توقع کررہے تھے۔ مشہور کھلاڑی پیٹرک مہومس بھی کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کرسکے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کی بدترین پرفارمنس دی۔
دوسری جانب ایگلز کے کوارٹر بیک کھلاڑی جیلن ہرٹس غیرمعمولی کارکردگی کیساتھ نمایاں رہے۔ یہ فلاڈیلفیا ایگلز کے لیے دوسری سپر باؤل جیت ہے۔ اس سے قبل 2018 کا فائنل بھی فلاڈیلفیا ایگلز کے نام رہا تھا۔