فیصل آباد ( پبلک نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے نائب صدر اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت نے جھوٹے بیانات دینے والے کرائے کے لوگ رکھے ہیں۔ ہمارے کسی وزیر پر کرپشن کا الزام نہیں ہے۔ ن لیگ کے رہنما عابد شیر علی کی اہلیہ کی تعزیت کے لیے شاہد خاقان عباسی فیصل آباد پہنچے جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ تب آزاد ہوتی ہے جب حکومت اس کے فیصلے پر عملدرآمد کرے۔ یہاں تو وزیراعظم عدالت کا فیصلہ ماننے کو تیار نہیں۔ پہلے یہ انتظام کیا جائے کہ الیکشن چوری نہ ہوں۔ انھوں نے مزید کہا کہ افغانستان کے مسئلہ پر ہمیں تین باتیں یاد رکھنا ہوں گی۔ افغانستان کو ایک آزاد ملک سمجھا جائے۔ افغانستان کے امور میں مداخلت نہ کی جائے۔ افغان عوام کی رائے کا احترام کیا جائے۔ افغانستان میں خانہ جنگی امریکہ اور یورپی ممالک نے کی۔ نیٹو ممالک سامان اٹھا کر چلے گئے، ملبہ ہمیں اٹھانا ہے۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی پانچ سال کرپٹ حکومت رہی۔ آزاد کشمیر کی کرپٹ حکومت پر کوئی تنقید نہیں کرے گا۔ موجودہ حکومت کا ہر لمحہ ملک پر بھاری ہے۔ ملک میں الیکشن جتنی جلد ہو جائیں بہتر ہے۔ شاہد خاقان عباسی نے یہ بھی کہا کہ ہم 2018ء جیسے دھاندلی زدہ الیکشن نہیں چاہتے۔ الیکش اصلاحات کا بل حکومت نے پندرہ منٹ میں پاس کر دیا۔ الیکشن اصلاحات وہاں ہوتی ہیں جہاں الیکشن چوری نا ہو۔