(ویب ڈیسک)ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے 21ویں میچ میں جنوبی افریقہ نے بنگلادیش کے خلاف شکست کو جیت میں بدل دیا۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے 114 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی ٹیم 7 وکٹوں پر 109 رنز ہی بناسکی، نیو یارک کے نساؤ کاؤنٹی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے اس میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جنوبی افریقہ بیٹرز ابتدا میں تو سنبھل نہ سکے اور بنگلہ دیش کی عمدہ بولنگ کے سامنے بے بس نظر آئے جہاں اسکی 4 وکٹیں 23 رنز پر ہی گر گئیں۔
ڈیوڈ ملر اور ہینرک کلاسین نے 79 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر ٹیم کے ٹوٹل کو اس مشکل وکٹ پر 100 سے زائد لے جانے میں مدد کی۔ کلاسین 46 اور ملر 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بنگلادیش کی جانب سے تنظیم حسن نے 3، تسکین احمد نے 2 جبکہ رشد حسین نے ایک وکٹ لی۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کا آغاز تو دم دار نہ تھا، لیکن مڈل آرڈرز میں محموداللّٰہ اور توحید ہریدوئے نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ کو اپنے حق میں کرلیا۔
اننگز کے 17ویں اوور تک بنگلادیشی ٹیم چھائی رہی، اسے اختتامی تین اوورز میں جیت کےلیے 20 رنز چاہیے تھے لیکن جنوبی افریقہ نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ بنگلادیشی ٹیم اگلے تین اوورز میں صرف 15 جبکہ مقررہ 20 اوورز میں 109 رنز ہی بناسکی۔
پروٹیاز کی جانب سے کیشو مہاراج نے تین جبکہ کگیسو رباڈا اور اینرک نورکیا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ میچ میں عمدہ بیٹنگ پرفارمنس پر ہینرک کلاسین کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔اس فتح کے ساتھ جنوبی افریقہ ورلڈکپ کے سپر 8 مرحلے میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔