میٹل ڈیٹیکٹر کا کمال ، ایک ہزار برس پرانا خزانہ دریافت

میٹل ڈیٹیکٹر کا کمال ، ایک ہزار برس پرانا خزانہ دریافت
خزانے کی تلاش تو ہر فرد کا خواب ہوسکتا ہے مگر ایک میٹل ڈیٹیکٹر سے ایسا ممکن ہوسکتا ہے یہ کبھی کسی نے سوچا نہیں ہوگا ۔ تفصیلات کے مطابق یورپی ملک نیدرلینڈز میں ایسا ہوا ہے کہ جہاں ایک شخص نے 1 ہزار سال پرانا خزانہ میٹل ڈیٹیکٹر کے ذریعے تلاش کرلیا ہے ۔ ڈچ نیشنل میوزیم آف انٹیکس کا کہنا ہے کہ اس خزانے میں سونے کے پتے ، چاندی کے درجنوں سکے اور زیورات شامل ہیں ۔ 27 سالہ لورینزو روجیٹر نامی شخص نے اس خزانے کو نیدرلینڈز کے ایک شہر ہوگ ووڈ میں 2021 میں دریافت کیا تھا ۔ لورینزو روجیٹر نے ایک انٹرویو میں کہا کہ اس طرح کی قیمتی اشیا کی دریافت بہت خاص ہوتی ہے ، میں اس کی وضاحت نہیں کر سکتا ہوں ، درحقیقت مجھے اس طرح کی دریافت کی توقع بھی نہیں تھی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ دس سال کی عمر سے خزانے تلاش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اب جا کر ان کو کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دریافت کو دو سال تک راز رکھنا بہت ہی مشکل تھا۔ مگر نیشنل میوزیم آف انٹیکس کے ماہرین کو خزانے کی صفائی اور جانچ پڑتال کیلئے وقت درکار تھا اور ان کا کہنا تھا کہ اس میں موجود سکے 1250 کے ہیں ، ممکنہ طور پر یہ خزانہ اسی زمانے میں دفن ہوا ہوگا ۔ مگر اس خزانے میں موجود زیورات سکوں سے بھی 200 برس پرانے ہیں یعنی کہ 1050 کے زمانے کے ہیں ۔ میوزیم کے مطابق اس عہد میں بہت ہی کم افراد سونے کے زیورات کے مالک تھے ۔ میوزیم کا کہنا تھا کہ ابھی راز ہے کہ آخر اس خزانے کو دفن کیوں کیا گیا تھا مگر امکان یہ ہے کہ ایسا اس عہد میں ڈچ خطوں کے درمیان ہونے والی جنگ کی وجہ سے کیا گیا ہوگا ۔ اس خزانے کی تاریخی اہمیت کے باعث اسے میوزیم کو نمائش کیلئے ادھار دیا گیا ہے مگر اس کو دریافت کرنے والے لورینزو روجیٹر ہی اس کے مالک ہوں گے ۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔