27رمضان کو امریکی سفارتخانے کی طرف ملین مارچ کریں گے، سراج الحق

27رمضان کو امریکی سفارتخانے کی طرف ملین مارچ کریں گے، سراج الحق

(ویب ڈیسک )   غزہ میں فوری جنگ بندی نہ کرنے کی صورت میں جماعت اسلامی نے بڑا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام غزہ مارچ میں خواتین، بچوں سمیت  کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شرکاء نے   فلسطین میں اسرائیلی مظالم اور بربریت کی بھرپور مذمت کی۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ  27رمضان کو امریکی سفارتخانے کی طرف ملین مارچ کریں گے،  حکمران بزدلانہ رویہ ترک کرکے غزہ کے بارے میں جرات مندانہ عملی اقدامات کرے،۔

انہوں نے کہا کہ  اسلامی ممالک کے حکمران،74لاکھ افواج غزہ کی تباہی پر خاموش ہیں، حکمران غزہ کے مسئلے کو اپنا مسئلہ نہیں سمجھتے، غزہ کے لیے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایاتو امریکی غلاموں کو ایوانوں سے نکال باہر کریں گے۔

سراج الحق نے کہا کہ  پنجاب حکومت فلسطینی بہن بھائیوں کا ساتھ دینے کی بجائے جشن منانے کی تیاریاں کررہی ہے، پنجاب حکومت اپنی اصلاح کرے اور رمضان میں فلسطین سے بھرپور تعاون کا اعلان کرے۔ فلسطینیوں کے شوق شہادت اورجذبہ جہاد نے جدید ٹیکنالوجی کو شکست دیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ دو حکمران خاندانوں کی سیاست لوٹوں اور بوٹوں کے اردگرد گھومتی ہے، آج وہی چہرے اسمبلی میں موجود ہیں جنہوں نے گزشتہ کئی عشروں سے خزانے کو لوٹا۔

سراج الحق نے کہا کہ  اسٹبلشمنٹ کے تعاون سے اقتدار میں آنے والوں کی آخری باری ہے، الیکشن کے نام پر لگائے گئے دنگل سے بچہ بچہ واقف ہے کہ مینڈیٹ چوروں کو مسلط کیا گیاہے، ملک کو کرپٹ سرنایہ داروں اور خاندانی بادشاہتوں سے آزاد کریں گے۔