طالبان کا عیدالفطر پر جنگ بندی کا اعلان

طالبان کا عیدالفطر پر جنگ بندی کا اعلان

کابل(ویب ڈیسک) افغان طالبان نے عید الفطر پر تین روزہ جنگ بندی کا اعلان کر دیا۔ ترجمان طالبان کا کہنا ہے کہ عید پر تمام مسلح افراد کو حملے روکنے کا حکم دیدیا گیا، جنگ بندی کا اعلان عید پرامن اور محفوظ ماحول میں منانے کے لیے کیا۔

دوسری جانب افغان حکومت کی جانب سے طالبان کے اعلان کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔ طالبان کی جانب سے جاری ہونے والے پیغام میں کہا گیا ہے کہ گروپ کے تمام ممبر افغان شہریوں کے لئے "ایک محفوظ اور اعتماد کا ماحول بنائیں" اور عید الفطر کے پہلے دن سے پورے ملک میں دشمنوں کے خلاف تمام جارحانہ کاروائیاں بند کر دیں۔

افغانستان کی سپریم قومی مفاہمت کونسل نے عید کے دوران طالبان کی طرف سے جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔ افغانستان میں قومی مفاہمت کی سپریم کونسل کے ترجمان فریڈون خوزن نے ٹویٹر پر لکھا " افغان حکومت بھی اس کے لئے تیار ہے اور امید ہے کہ اس عمل میں توسیع کی جائیگی اور تعمیری اور با مقصد مذاکرات جاری رہیں گے۔

یہ جنگ بندی ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب حالیہ دنوں میں تشدد میں اضافہ ہوا ہے ، طالبان حکومت کے زیر کنٹرول علاقوں پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

یہاں تک کہ دارالحکومت کابل میں لڑکیوں کے اسکول پر حملے کے نتیجے میں 50 سے زائد طلبہ جاں بحق اور 150 دیگر زخمی ہوئیں ، جس سے وسیع پیمانے پر ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ردعمل ہوا۔ حکومت نے اس حملے کا الزام طالبان پر عائد کیا ، لیکن طالبان نے اس کی مذمت کی اور اس میں ملوث ہونے سے انکار کیا۔

Watch Live Public News

مصنّف پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات سے فارغ التحصیل ہیں اور دنیا نیوز اور نیادور میڈیا سے بطور اردو کانٹینٹ کریٹر منسلک رہے ہیں، حال ہی میں پبلک نیوز سے وابستہ ہوئے ہیں۔