اسلام آباد ( پبلک نیوز) چیئرمین سینیٹ پاکستان محمد صادق سنجرانی نے امریکہ، کینیڈا اور برطانیہ سمیت دنیا کے مختلف ممالک کی پارلیمانوں کے سربراہان، سپیکرز اور پریذائیڈنگ آفیسرز کو مسجد اقصیٰ میں نہتے فلسطینی نمازیوں پر رمضان المبارک جیسے مقدس مہینہ میں حالیہ اسرائیلی جارحیت کی جانب توجہ دلانے کے لیے خطوط لکھ دیئے۔
محمد صادق سنجرانی نے لکھا کہ اسرائیلی کارروائیاں بین ال اقوامی انسانی حقوق اور قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ کوئی بھی مذہب عبادت گزاروں پر اس طرح کی بربریت کی اجازت نہیں دیتا۔ ان مظالم کی تمام ممالک کی جانب سے صاف طور پر مذمت کی جانی چاہیے۔
سربراہ ایوان بالا نے مزید لکھا کہ مسئلہ فلسطین کا پر امن حل نکالا جانا چاہیے تا کہ فلسطینی مسلمان سکھ کا سانس لے سکیں۔ تمام ممالک اس بےجا تشدّد کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔